سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تقریب کا انعقاد

نوشہرہ پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو حساس اداروں کے روپ میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے ارکان کو بے نقاب کرنے ، مال مسروقہ برآمد کرنے پر نقد انعام اور توصیفی اسناد سے نوازا

بدھ 23 اگست 2017 21:21

سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تقریب کا انعقاد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں نوشہرہ پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو حساس اداروں کے روپ میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے ارکان کو بے نقاب کرنے اور اُن سے مال مسروقہ برآمد کرنے پر نقد انعام اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع نوشہرہ میں ڈاکوئوں کا ایک گروہ کافی دنوں سے سرگرم تھا جو کہ حساس اداروں کے اہلکاروں کے روپ میں لوگوں کے گھروں میں گھس کر لوٹ مارکرتے تھے۔ نوشہرہ کمپیوٹر لیبارٹری کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر ساجد اقبال نے جیو فنسنگ کے ذریعے گروہ کے تمام ارکان کو بے نقاب کردیا۔ گروہ سے مختلف وارداتوں میں استعمال شدہ کرولا کار، موٹر سائیکل، لوٹی ہوئی زیورات، نقد رقوم اور موبائل فونز کے سیٹ بھی برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

گروہ کے ارکان نے تحقیقات کے دوران نوشہرہ اور پشاور میں کئی ایک سنگین وارداتوں کا اعتراف بھی کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی صلاح الدین خان نے ڈاکوئوں کے گروہ کا کامیابی سے سراغ لگانے پر اے ایس آئی ساجد اقبال کی تکنیک اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ آئی جی پی نے کہا کہ سائنسی خطوط پر تفتیش سے اصل ملزموں تک رسائی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

اور سائنسی تفتیش کے نتیجے میں پکڑے گئے ملزمان صحت جرم سے انکار بھی نہیں کرسکتے۔ آئی جی پی نے اے ایس آئی کو معاشرے سے ہرقسم کے جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی خداد ادصلاحیتوں کو بھر پور طریقے سے بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔اور نہیں اس سلسلے میںاپنی بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ آئی جی پی نے اس موقع پر اے ایس آئی ساجد اقبال کو نقد انعام اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی کیپٹن منصور آمان بھی تقریب میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :