پاکستانی قوم بھی ویتنام اور کمبوڈین قوم کی خصوصیات کی حامل ،ٹرمپ پاکستان کو امریکی فوجیوں کا قبرستان بنانا چاہتے ہیں تو خوش آمدید ،

چیئرمین سینیٹ کا انتباہ رضا ربانی کا پاک امریکہ تعلقات کی نئی پالیسی پر سینیٹ میں رہنما اصول وضع کرنے کا اعلان، سفارشات کی تیاری کیلئے 6رکنی کمیٹی قائم،چار روز میں پالیسی ڈرافٹ طلب ، سفارشات کو سینیٹ ہول کمیٹی میں حتمی شکل دی جائے گی

بدھ 23 اگست 2017 21:20

پاکستانی قوم بھی ویتنام اور کمبوڈین قوم کی خصوصیات کی حامل ،ٹرمپ پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پاک امریکہ تعلقات کی نئی پالیسی پر سینیٹ میں رہنما اصول وضع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سفارشات کی تیاری کیلئے 6رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے،چار روز میں پالیسی ڈرافٹ طلب کرلیا گیا ہے، سفارشات کو سینیٹ ہول کمیٹی میں حتمی شکل دی جائے گی، چیئرمین سینیٹ نے انتباہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قومی میں ویتنام اور کمبوڈیاوالی خصوصیات اور روایات پائی جاتی ہیں ،ا گر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاکستان امریکی افواج کا قبرستان بن جائے توہم امریکہ کو خوش آمدید کہتے ہیں،اس نے کوئی غلطی کی تو پاکستان امریکی فوجیوں کا قبرستان بن جائے گا اس امر کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینیٹ اجلاس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے انتباہ کیا کہ امریکہ نے کوئی غلطی کی تو پاکستان امریکی فوجیوں کا قبرستان بن جائے گا،اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی صدر کو پاکستان کو دھمکی دینے سے پہلے ویتنام اور کمبوڈیا کو نہیں بھولنا چاہیے، اگر امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اس کے فوجیوں کا قبرستان بن جائے تو خوش آمدید، پاک امریکہ تعلقات کی نئی پالیسی پر ہول کمیٹی قائم کرے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 6رکنی سب کمیٹی سفارشات کا مسودہ تیار کرے گی۔ کمیٹی میں سینیٹر مشاہد حسین سید، شیری رحمان، عائشہ رضا، مظفر حسین شاہ، جہانزیب جمالدینی اور میر حاصل بزنجو شامل ہوں گے۔ سب کمیٹی سے 4روز میں رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ امریکہ صدر کے دھمکی آمیز بیان کا سینیٹ نوٹس لے چکی ہے اور پارلیمنٹ نے سب سے پہلے اقدام اٹھایا ہے۔