صوبہ خیبرپختونخواہ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک کامطالبہ

بدھ 23 اگست 2017 21:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور گلی محلے کی سطح پر اس مرض کے بارے میں عوام آگاہی کی مہمات کا آغاز کیا جائے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈینگی قابل علاج بیماری ہے اور اس کا سبب بننے والا وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

احتیاطی تدابیر کو اختیار کر کے نہ صرف ڈینگی مچھر کی نشونما کو روکا جا سکتا ہے بلکہ رہن سہن کو آسانی سے ایک صحت مند ماحول میں ڈھال کر علاج معالجے کی مشکلات سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں اور ارد گرد ہر جگہ ، کسی چھوٹے سے چھوٹے سوراخ جہاں ذرا سا پانی اکٹھا ہونے کی گنجائش ہو، ڈینگی مچھر کے پرورش پانے کا امکانات ہو سکتے ہیں۔ ان تمام چیزوں اور جگہوں کو صاف رکھنا لازمی ہے جو ڈینگی کی نشونما میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیما کا شعبہ ہیلتھ اویئرنس عوامی آگہی کے لیے معلوماتی بروشر کی اشاعت کر رہا ہے۔