کراچی میں بلدیہ عظمی اور بحریہ ٹان کی مشترکہ صفائی مہم کا اعلان

کراچی میں سب کچھ تباہ ہوچکا ہے، کوئی چیز درست نہیں، سیوریج سسٹم خراب ہے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، میئرکراچی ہمارے رضا کار روزانہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کریں گے ،بحریہ ٹائون کی جانب سے 10ارب روپے تک کی معاونت کی جائے گی، ملک ریاض

بدھ 23 اگست 2017 20:53

کراچی میں بلدیہ عظمی اور بحریہ ٹان کی مشترکہ صفائی مہم کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) بلدیہ عظمی اور بحریہ ٹائون نے شہر میں مشترکہ صفائی مہم کا اعلان کردیاہے۔کراچی میں چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض اورمیئر وسیم اخترکے درمیان کلین کراچی معاہدے پردستخط ہوئے۔ اس موقع پر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی دنیا کا دوسرا یا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے لیکن یہاں سب کچھ تباہ ہوچکا ہے، کوئی چیز درست نہیں، سیوریج سسٹم خراب ہے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، جب کہ کے ایم سی کے پاس نا تو وسائل ہیں اور نہ پیسے، جن کو لوگ چندہ دیتے ہیں وہ کے ایم سی کو فنڈز دے رہے ہیں، سندھ حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے، ہم مل جل کر کام کرتے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 13ہزار ٹن کچرا پیدا ہورہا ہے، آج ہم ملک ریاض کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے جا رہے ہیں، آج کے دن کو خوش آئند سمجھتاہوں۔

(جاری ہے)

بحریہ ٹائون کے رضاکار کے ایم سی کے عملے کے ساتھ مل کر شہر سے کچرا اٹھائیں گے، ابتدائی طور پر اس کا آغاز ضلع وسطی سے ہوگا جس کے بعد اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔بحریہ ٹائون کی جانب سے سرکاری اسپتال کا انتظام سنبھالنے سے متعلق میئرکراچی نے کہاکہ کراچی کے 13 اسپتالوں کی حالت بہتر نہیں ہے، جلد فیصلہ کرلیں گے کہ کون سا اسپتال ان کے حوالے کیا جائے۔

چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے کہا کہ ہمارے رضا کار روزانہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کریں گے اور بحریہ ٹائون کی جانب سے 10 ارب روپے تک کی معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے،اللہ نے جو ہمیں دیا،اللہ کی امانت ہے عوام کی امانت ہے جسے شہر میں لگانے جا رہے ہیں۔ ملک ریاض نے کہاکہ آصف زرداری نے کہاہے کہ میئر کراچی جو کام کہتے ہیں ان کے ساتھ کریں، بحریہ ٹائون کلین کراچی چیلنج کو پورا کرے گا۔