وزیراعلیٰ پنجاب سے فرانسیسی سفیر کی الوداعی ملاقات، پاکستان اورفرانس کے تعلقات کے فروغ پر فرانسیسی سفیر کو خراج تحسین

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے لازوال قربانیوں کے ذریعے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے ،شہبازشریف آج پاکستان کہیں زیادہ پرامن ہے ،پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچانے کی نئی مثال قائم کی ہے منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں،د نیا پاکستان میں شفافیت کا برملا اعتراف کر رہی ہے وزیراعلیٰ پنجاب کی فرانس کے سبکدوش ہونے والے سفیر سے گفتگو پنجاب حکومت نے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب غیر معمولی انداز میںپیشرفت کی ہے ،فرانسیسی سفیر

بدھ 23 اگست 2017 20:35

وزیراعلیٰ پنجاب سے فرانسیسی سفیر کی الوداعی ملاقات، پاکستان اورفرانس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے فرانس کی سفیر مارٹین ڈورانس نے بدھ کے روز الوداعی ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے پاکستان اورفرانس کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے گرانقدر خدمات پر فرانسیسی سفیرکوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فرانس تعلقات کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل ستائش ہیں اور آپ نے دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کیلئے انتھک محنت کی ہے اور مستقبل میں بھی میری نیک تمنائیں آپ کیساتھ ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ملکوں کے مابین معاشی ،تجارتی اوردیگر شعبوں میں تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار ماحول موجود ہے۔ فرانس کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائد ہ اٹھا سکتے ہیں ۔

سرمایہ کاروںکوہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچانے کی نئی مثال قائم کی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دنیا آج پاکستان میں شفافیت کا برملا اعتراف کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کے اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوںکے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی وانتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کر چکی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ دے چکا ہے جن میں پاک افواج ، پولیس کے افسر و جوان، عام شہری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاکستان نے لازوال قربانیوں کے ذریعے جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں کا ثمر انہی قربانیوں سے ممکن ہوا ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن بن چکا ہے۔

فرانسیسی سفیر نے توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباددی اورکہا کہ پاکستان میں جس تیز رفتاری سے توانائی منصوبوں کو مکمل کیا جا رہاہے وہ اپنی مثال آپ ہے اور موجودہ حکومت کی جانب سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کے حوالے سے بے مثال اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر ، تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات کے باعث صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل ہو رہے ہیں۔

وزیراعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب غیر معمولی انداز میںپیشرفت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ میں پاکستان خصوصا پنجاب کے عوام کے خلوص ، پیار اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھوں گی-انہوںنے کہا کہ فرانس پاکستان کیسا تھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہی-فرانس پنجاب حکومت کیساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے فرانسیسی سفیر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ ****