ضلع کونسل مردان نے ٹیکسیشن بائی لاز ،ناگہانی آفات ،لاچار افراد کی بحالی اورمالی مدد دینے کیلئے بائی لاز میں ترمیم کی منظوری دیدی

بدھ 23 اگست 2017 20:03

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) ضلع کونسل مردان نے ٹیکسیشن بائی لاز ،ناگہانی آفات ،لاچار افراد کی بحالی اورمالی مدد دینے کے لئے بائی لاز میں متفقہ طور پر ترمیم کی منظوری دی جبکہ کونسل نے اپیلٹ اتھارٹی اورمردان کو بگ سٹی بنانے کے قراردادیں کی بھی متفقہ طورپر منظوری دے دی بدھ کے روز ضلع نائب ناظم وکنوینر اسد علی کشمیری کی زیر صدارت کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اجلاس میں ڈینگی بخارکے حوالے سے ممتاز معالج اور باچہ خان میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر امیر خان نے بچاؤ اورحفاظتی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر مردان عمران خان نے اجلاس کو گذشتہ تین سال کے دوران مختلف قدرتی آفات زلزلے اور سیلاب میں جان بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو دیے جانے والے معاوضوں کی تفصیل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہو ئے ضلعی کونسلروں نعیم انور ، ملک ایاز ، حبیب رسول، طارق عزیز، امانت مسیح ، اسفندیار خان ، فوزیہ امان اور دیگر ضلع میں بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ناروا لوڈشیڈنگ ختم اور ناجائز جرمانوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے ۔ٹوبیکو کے کاشتکاروں کے مسائل حل کیے جائیں اور نادرا مختلف یونین کونسلوں میں موبائیل وین بھیج کر خواتین کے شناختی کارڈ بنائے،اجلاس نے ٹیکسیشن بائی لاز میں ترمیم سمیت اپیلیٹ اتھارٹی اور معاشرے کے مصیبت زدہ اور غریب طبقے کی امداد ضلع کے محصولات سے یقینی بنانے کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی طارق عزیز نے ایوان کی توجہ غلہ ڈھیر پل کی ابتر حالت او ر فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فنانس کمیٹی سے عدم تعاون کی جانب دلائی فوزیہ امان اور دیگر نے پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ کی ناقص کارکردگی پر بات کی ۔

ایوان نے مردان کو بلاتاخیر بگ سٹی اور مردان کو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کا درجہ دینے کے لیے اسفندیار خان کی قرارداد کی منظوری دی۔حبیب رسول نے قدرتی آفات کے شکار افراد کی امداد میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ اس حوالے مزید غفلت نہ برتی جائے ۔ضلع ناظم حمایت اللہ مایار نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت ضلعی بجٹ سے 20فیصد کٹوتی کا فیصلہ واپس اور رواں مالی سال کے بجٹ کی پہلی قسط فوری طور پر جاری کرے۔

بعدازاں کنوینر اسد علی کشمیر ی نے اجلاس جمعرات تک ملتوی کردیا حمایت اللہ مایار نے کہا ہے کہ ضلع کونسل مردان کی کارکردگی مثالی رہی ہے جس نے نہ صرف مقامی ٹیکسیشن کے ذریعے اپنے وسائل میںا ضافہ کیا بلکہ مختلف ذرائع سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بھی اقدامات کیے ۔اُنہوں نے کہا کہ آج ہاؤس نے رولز میں جو ترمیم کی ہے اس سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے عین مطابق مصیبت زدہ ، قدرتی اور دیگر آفات کے شکار اور غریب شہریوں کے لیے مالی امداد کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔