توانائی منصوبوں میں بلاوجہ تاخیر ناقابل برداشت ہے،انجینئرنعیم خان

چینی کمپنی 36میگاواٹ درال خوڑ پاورپراجیکٹ آئندہ ماہ ستمبر کے آخرتک ہرحال میں مکمل کرے،سیکرٹری توانائی وبرقیات

بدھ 23 اگست 2017 20:03

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرنعیم خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوامیں توانائی کے جاری منصوبوں میں بلاوجہ تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے ضلع سوات میں36میگاواٹ کے درال خوڑ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کی تکمیل میںہونے والی تاخیرپر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے حکام کو مذکورہ منصوبہ آئندہ ماہ ستمبر کے آخرتک ہرحال میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

یہ ہدایات انہوں نے ضلع سوات میں36میگاواٹ کے منصوبے درال خوڑ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے منصوبے کی جگہ کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے جاری کیں۔اس موقع پران کے ہمراہ پیڈوبورڈ آف ڈائریکٹرزکی ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبران انجینئرلطیف خان،عبداللہ شاہ ،پراجیکٹ ڈائریکٹرمحمدعرفان اور منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے سربراہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری توانائی انجینئرنعیم خان نے درال خوڑپاورپراجیکٹ کی جگہ کاتفصیلی معائنہ کیا اور بعدازاں پراجیکٹ پر کام کرنے والے حکام کے ساتھ میٹنگ کی ۔ انہوں نے درال خوڑ پاورپراجیکٹ پر تاخیرکے بارے میںوجوہات دریافت کیںاور تاخیر کے بارے میں جامع رپورٹ محکمہ توانائی کو ایک ہفتے کے اندرجمع کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔سیکرٹری توانائی کو بتایا گیا کہ ضلع مردان سے نئی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر میں تاخیرکی وجہ سے ضلع سوات اوردیرتک ضرورت کے مطابق بجلی نہیںدی جاسکتی ہے اور ان اضلاع میں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ۔

انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے حکام کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے منصوبے کو آئندہ ماہ ستمبرکے آخر تک ہرحال میں مکمل کرنے پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ 36میگاواٹ درال خوڑ پاورپراجیکٹ کو مکمل کرکے اسے نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔منصوبے سے پیداہونے والی بجلی سے ضلع سوات اوردیر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ دوسری طرف منصوبے سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن بھی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :