ہر سکول کو ذاتی ادارہ سمجھ کر اس کی ترقی کیلئے کام کیا ہے، نمبر1 ہائی سکول کی خدمت کرنا باعث فخر ہو گا، عماد اعجاز

بدھ 23 اگست 2017 19:31

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) پوسٹنگ و ٹرانسفر ملازمت کا حصہ ہے لیکن بعض لوگ بعض اداروں کو راس آ جاتے ہیں اور اس ادارے کی پہچان بن جاتے ہیں، گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1 ہری پور کا قدیمی تعلیمی ادارہ ہے، عماد اعجاز نے اس ادارہ میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے گر انقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم شیخ واجد حسین نے بدھ کو صدر پی ای ٹی عماد اعجاز کی گورنمنٹ ہائی سکول نمبرایک میں پوسٹنگ کی خوشی میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ٹیچر رہنما طارق محمود، محمد شاہد، آصف اعوان، اجمل خان و دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ واجد حسین نے کہا کہ عماد اعجاز نے اپنی سابق پوسٹنگ میں سکول کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور اس ادارہ کی نیک نامی میں اضافہ کرتے ہوئے اسے پورے صوبہ میں ایک مقام دلوایا، امید ہے کہ وہ اپنی انہی بے لوث خدمات کو جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

عماد اعجاز نے کہا کہ ہمیشہ ہر سکول کو اپنا ذاتی ادارہ سمجھ کر اس کی ترقی کیلئے کام کیا ہے تاہم نمبر1ہائی سکول میرے نزدیک ایک انتہائی محترم ادارہ ہے، اس کی خدمت کرنا ان کیلئے باعث فخر ہے، پہلے بھی شیخ واجد حسین، جاذب سلیم، فواد حسین و دیگر دوستوں کی مدد سے اس ادارہ کی ترقی کیلئے کام کیا اور آئندہ بھی وہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس عزت افزائی پر اپنے تمام دوستوں کے وہ مشکور ہیں۔