خواتین کی شمولیت کے بغیر تبدیلی کا کوئی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، عظمیٰ ریاض جدون

بدھ 23 اگست 2017 19:31

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) تحریک انصاف ہزارہ ڈویژن نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، اس سلسلہ میں خواتین کارکنوں کے تنظیمی اجلاسوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو یونین کونسل نواں شہر کی سطح پر ہونے والے خواتین کارکنوں کے ایک نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف شعبہ خواتین ہزارہ ریجن کی صدر محترمہ عظمٰی ریاض جدون نے خواتین پر زور دیا ہے کہ تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت سے کام کریں، تحریک انصاف ملک کی ایسی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں جمہوری اقدار کی پاسداری کی جاتی ہے اور جہاں خواتین کو عزت و احترام سے نوازہ جاتا ہے۔

عظمیٰ ریاض جدون نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر نہ تو سیاسی عمل اور نہ ہی تبدیلی کا ایجنڈا مکمل ہو سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ چیئرمین عمران خان نے شعبہٴ خواتین کو ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا اور انہیں اہمیت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی اور ہزارہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کی ترقی، پن بجلی کے منصوبے، رابطہ شاہراہوں کی تعمیر و توسیع، بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نظام میں وسعت اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لانے کے علاوہ تحریک انصاف نے سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت بھی ختم کی ہے، اہلیت پر بھرتیاں اور تعیناتیاں کر کے عمدہ طرز حکمرانی کی مثال قائم کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہزارہ ڈویژن میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں جن کا اگر ماضی کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو موجودہ ترقیاتی دور کی نظیر نہیں مل سکتی۔ عظمیٰ ریاض جدون نے ہزارہ سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بالخصوص ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون، مشتاق احمد غنی، قلندر خان لودھی، سردار اِدریس اور ڈسٹرکٹ اسمبلی کے رکن علی خان جدون کا بالخصوص شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ شعبہٴ خواتین کو اہمیت دیتے ہوئے ان کی سرپرستی اور رہنمائی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :