ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مریض رلنے لگے، اینور ہسپتال میں کینسر مریضوں کی دیکھ بھال احسن طریقہ سے جاری

بدھ 23 اگست 2017 19:29

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں مریض خوار ہونے لگے، اینور ہسپتال ایبٹ آباد میں کینسر کے مرض سے ستائے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج احسن طریقہ سے جاری ہے۔ اینور ہسپتال میں آئے کینسر کے مرض میں مبتلا مریضوں اور ان کے لواحقین نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ اینور ہسپتال کے فرض شناس ڈائریکٹر کی ہدایت پر ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر عملہ احسن طریقہ سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خوش اخلاق ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر عملہ موذی مرض میں مبتلا مریضوں کے بہترین علاج میں مصروف عمل ہے۔ سروے کے دوران ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں علاج کی غرض سے آئے مریضوں اور لواحقین نے بتایا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں اینور ہسپتال کے برعکس کرپٹ انتظامیہ اور افسران کی عدم توجہی کے باعث ڈاکٹرز، نرسیں، وارڈ بوائز اور دیگر عملہ شتر بے مہار ہے، کمپلیکس میں مریض تڑپ تڑ پ کر جانیں دے رہے ہیں جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف آئے روز ہڑتالوں میں ٹائم پاس کرنے میں مصروف ہیں۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صرف تبدیلی کے نعروں تک محدود ہے، ہسپتال میں تزئیں وآرائش کے نام پر کرپشن کا بازار گرم ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔