جماعت اسلامی سندھ کا بارشوں سے انسانی جانوں واملاک کے نقصان پر اظہار افسوس

صوبائی اور شہری حکومت اپنی انا کا مسئلہ بنانے کی بجائے جنگی بنیادوں پر بارش کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کریں، ممتازحسین سہتو

بدھ 23 اگست 2017 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو نے کراچی سمیت سندھ میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ لگنے ودیگر حادثات میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پر دلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ صوبائی حکومت و شہری ادارے معمولات زندگی کی بحالی سمیت صفائی ستھرائی اور وبائی امراض سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر حکومتی بے حسی اور اداروں کی غفلت کی وجہ سے انسانوں کی لئے زحمت بن جاتی ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بارش کا کھڑا پانی تالاب کی منظر کشی کررہا ہے،جس کی وجہ سے ٹریفک جام، مسافروں کو سخت تکلیف ہورہی ہے۔ خاص طور پر پیدل چلنے والے اور مساجد میں نماز پڑھنے والے شہریوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

سپرہائی وے پر قئائم مویشی منڈی بھی بارش سے سخت متاثر ہوئی ہے جوپھلے ہی مختلف مسائل کا شکار ہے بارش کے بعد ان مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی رہنماء نے زور دیا کہ صوبائی اور شہری حکومت اسے سیاست اور اپنی انا کا مسئلہ بنانے کی بجائے جنگی بنیادوں پر بارش کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کریں۔