کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے بحریہ ٹائون کے چیئرمین کا آگے بڑھنا قابل تحسین ہے،میئرکراچی

کراچی کو صاف ستھرا اور بہتر شہر بنانے کی پیشکش سیاست سے بالاتر ہو کر کی گئی ہے، ملک ریاض نے کراچی کو بہتر بنانے کیلئے دس ارب روپے کے تعاون کی پیشکش کی ہے ، وسیم اختر

بدھ 23 اگست 2017 19:25

کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے بحریہ ٹائون کے چیئرمین کا آگے بڑھنا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض کا آگے بڑھنا قابل تحسین ہے، کراچی کو صاف ستھرا اور بہتر شہر بنانے کی پیشکش سیاست سے بالاتر ہو کر کی گئی ہے جبکہ بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض نے کراچی کو بہتر بنانے کے لئے میئر کراچی کو دس ارب روپے کے تعاون کی پیشکش کی ہے یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بحریہ ٹائون کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے سلسلے میں بدھ کے روز کے ایم سی بلڈنگ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ بحریہ ٹائون کے ساتھ آج ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی بحریہ ٹائون کے اشتراک سے عید الاضحی کے بعد شہر میں موجود 11 لاکھ ٹن کچرے کا بیک لاگ ختم کرنے کا کام شروع کرے گی ، معاہدے کے تحت کچرا اٹھانے کے کام کا آغاز ضلع وسطی سے کیا جائے گا جبکہ تمام ڈسٹرکٹ چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندے بھی اس کام میںمیئر کراچی کے ساتھ ہوں گے، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، سابق ٹائون ناظم اظہار احمد خان، ملک نواز کھوکھر، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی ، قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈووکیٹ، میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن صبحین غوری، معالجات کمیٹی کی چیئرپرسن ناہید فاطمہ، اراضیات کمیٹی کے چیئرمین ارشد حسن، کے ایم سی کے سینئر افسران اور دیگر افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض کے ساتھ معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا اور بحریہ ٹائون کے چیئرمین کو کے ایم سی کی طرف سے اعزازی شیلڈ پیش کی، میئر کراچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن خوش آئند ہے، کراچی میں یومیہ 13 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے اور ضلعی انتظامیہ صرف 40 فیصد کچرا اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے روزانہ کچرے کا بیک لاگ بڑھ رہا ہے ، ہم نے ملک ریاض سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی تھی اور انہوں نے بھی اپنی خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ کراچی شہر کو بہتر بنانے کی کوششوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں جس کے لئے ملک ریاض اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کراچی کے لئے ان کی فکر مندی کو سراہتے ہیں، ملک ریاض نے کراچی کے لئے مسیحا بن کر ہر جگہ ہر موقع پر شہریوں کی مدد کی ہے جو قابل تحسین ہے،انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت بحریہ ٹائون کی مشینری اور دیگر تعاون ہمیں حاصل رہے گا جبکہ کچرا اٹھانے پر آنے والے تمام تر اخراجات بھی بحریہ ٹائون ہی برداشت کرے گا، انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ یا کوئی رولز اس معاہدے کے آڑے آئیں گے کیونکہ یہ شہر کا معاملہ ہے اور ہم صرف کچرے کا بیک لاگ اٹھا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف کراچی سے کچرے کا بیک لاگ جو ختم کرنے کے لئے ہے تاہم معمول کا کچرا اٹھانے کے لئے حکومت سندھ پالیسی بنائے جس کے لئے وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہر ڈسٹرکٹ بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہے مگر مختلف شعبوں میں درپیش مسائل ہمارے سامنے ہیں لگتا ہے کہ کراچی کو دیکھنے والا اب کوئی نہیں، دس ماہ سے سڑکوںاور نالوں پر کھڑا ہو کر صوبائی اور وفاقی حکومت سے درخواست کر رہا ہوں کہ سیاست سے بالا تر ہو کر کراچی کے لئے کچھ کرنا چاہئے کیونکہ کراچی تباہ ہوچکا بے تحاشہ مسائل ہیں اس کے باوجود ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے شہر میں بہتری لانے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض نے کہا کہ ہم میئر کراچی یا کراچی کے باسیوں پر کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ عوام کی امانت ان پر لگانے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی ہم سے جو بھی چاہیں گے بحریہ ٹائون ہر اسٹیج تک جائے گا ، آج یہاں اسی لئے بیٹھا ہوں کہ میئر کراچی کی نیت کراچی کو بہتر بنانے کی ہے ورنہ راولپنڈی ، لاہور یا کسی دیگر شہر کے میئر کے ساتھ بیٹھا ہوتا، میئر کراچی وسیم اختر شہر کی بہتری کے لئے سرگرم ہیں اور ہم ان کی ان کاوشوں میں ان کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ سابق صدر مملکت آصف زرداری نے بھی مجھے میئر کراچی کے ساتھ کام کرنے اور شہر کے لئے جو بھی کرسکتے ہیں وہ کرنے کے لئے کہا ہے، میئر کراچی کوئی اسپتال یا اسکول ہمارے حوالے کریں ہم اسے چلائیں گے اور وہاں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کی سڑکیں ٹھیک کرنا چاہتے ہیں مگر سیوریج اور برساتی پانی کی نکاسی کے مسائل حائل ہیں انہیں حل کئے بغیر سڑکیں تعمیر کی گئیں تو یہ دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائیں گی پھر بھی ہم نے میئر کراچی سے کہا ہے کہ وہ جو بھی سڑک ٹھیک کرنا چاہ رہے ہیں ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں ، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم کے حوالے سے غلط فہمی پیدا کی گئی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم اس کا چارج نہیں لے رہے تھے بلکہ اسے بنانا چاہتے تھے اب میئر کراچی اس پارک کو بنا رہے ہیں اور ہم ان کی اس کوشش میں بھی ان کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹائون نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر بیماریوں کا سبب ہیں ، کراچی کو صاف شہر بنانے کی ہماری کوشش اسی عزم کی عکاسی کرتی ہے، اس سے پہلے کے صورتحال مزید بدتر ہوجائے بحریہ ٹائون بڑے پیمانے پر کراچی کو صاف کرنے کا چیلنج قبول کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :