معاشی قوت بڑھاکر عالمی چیلنجز سے باآسانی نمٹا جاسکتا ہے ‘ محمد ناصر حمید خان

بدھ 23 اگست 2017 19:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے بیرونی قوتوں کے اثرات سے باہر آنے اور عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے معاشی قوت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر اس مقصد کے حصول میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ایک بیان میں محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پاکستان نے صرف جنوبی ایشیا ء ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں قیام امن کے لیے جو کوششیں کیں اور قربانیاں دی ہیں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور افواج پاکستان نے مل کر پاکستان دشمنوں کے گھنائونے عزائم کو ناکام بنایا اور قیام امن کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانی دی لیکن بدقسمتی سے ان کا اعتراف کرنے کے بجائے ڈومور کا مطالبہ کیا جارہا ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ قلیل وقت میں مسلح افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے صرف پاکستانی قوم ہی نہیں بلکہ انسانیت سے وابستگی ثابت کی ہے کیونکہ اگر دہشت گردوں کا قلع قمع نہ کیا جاتا تو علاقے کے دیگر ممالک بھی بٴْری طرح متاثر ہوتے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو اعتماد میں لے ، ان کے مسائل حل کرے اور کاروبار کرنے کے لیے پرسکون ماحول مہیا کرے تاکہ یہ ملک کو معاشی قوت بنانے میں بنیادی کردار ادا کرسکیں۔