ڈومور کا مطالبہ نیا نہیں، امریکہ پاکستان کو دبائو میں رکھنے کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،سینیٹر رحمن ملک

بدھ 23 اگست 2017 18:41

ڈومور کا مطالبہ نیا نہیں، امریکہ پاکستان کو دبائو میں رکھنے کیلئے حکمت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ امریکہ کا ڈومور کا مطالبہ نیا نہیں، امریکہ پاکستان کو دبائو میں رکھنے کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی تقریر نے پاکستانیوں کے دلوں کو بہت دکھایا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد فوج افغانستان میں تعینات کرنے کے باوجود امریکہ کو ناکامی کا سامنا ہوا، اربوں ڈالر خرچ کرکے بھی افغانستان پر امریکہ کا کنٹرول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی عالمی دہشت گرد تھا اور وزیراعظم بن گیا، امریکہ مشترکہ دشمن کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے میں ناکام رہا، دنیا کو دہشت گردی سے پاک بنانے میں پاکستان سب سے آگے ہے، پاکستان قربانیاں دے رہا ہے جبکہ امریکہ صدر ٹرمپ ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، وہ ہمیں دھمکیاں نہ دے، ٹرمپ کوئی اقدام اٹھانے سے پہلے عوام اور اپنے اداروں سے پاکستان بارے رائے لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا چاہئے، ٹرمپ کی دھمکی پر وزیراعظم آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے ٹرمپ کی تقریر پر سخت ردعمل دیا، حکومت بھی سنجیدگی دکھائے۔

متعلقہ عنوان :