چیئرمین سینیٹ نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور دفاعی معاہدات سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تحریک التواء بحث کے لئے منظور کر لی

بچوں کی مشقت میں اضافے کے بارے میں تحریک واپس، کرنٹ اکائونٹس و تجارتی خسارے کو زیر بحث لانے کی تحریک نامنظور

بدھ 23 اگست 2017 18:41

چیئرمین سینیٹ نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور دفاعی معاہدات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور دونوں ممالک کے مابین ہونے والے دفاعی معاہدات سے پیدا ہونے والی صورتحال کو زیر بحث لانے کی تحریک التواء بحث کے لئے منظور کر لی۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں تین تحاریک التواء منظوری کے تعین کے لئے پیش کی گئیں۔

سینیٹر عتیق شیخ کی جانب سے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کی مشقت میں اضافے کو زیر بحث لانے کی تحریک پر چیئرمین سینٹ نے کہا یہ قواعد پر پورا نہیں اترتی اس لئے اس پر 281 کی تحریک لے آئیں جس پر سینیٹر عتیق شیخ نے یہ تحریک واپس لے لی۔ سینیٹر شیری رحمن نے تحریک پیش کی کہ جولائی تا مئی مالی سال 2016-17ء کرنٹ اکائونٹس اور تجارتی خسارے کو زیر بحث لایا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس پر پہلے بات ہو چکی ہے لہذا یہ تحریک قواعد پر پورا نہیں اترتی اس لئے یہ منظور نہیں کی جا سکتی۔ چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر سحر کامران کی طرف سے بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور اس دوران دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدات کو زیر بحث لانے کی تحریک کو قومی سلامتی کا اہم معاملہ قرار دیتے ہوئے بحث کے لئے منظور کر لیا اور کہا کہ اس پر دو گھنٹے کی بحث ہو گی اور وقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔