لاڑکانہ ریجن میں 2018 کے عام انتخابات سے پہلے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی تشکیل دی گئی

بدھ 23 اگست 2017 18:18

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) لاڑکانہ ریجن میں 2018 کے عام انتخابات سے پہلے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد ووٹروں کی تعلیم، خواتین ووٹر کی رجسٹریشن، ووٹر ٹرن آئوٹ بڑھانے اور عوام میں شعور پیدا کرنا ہے۔ لاڑکانہ میں قائم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر لاڑکانہ نور محمد مری نے بتایا کہ لاڑکانہ ضلع میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 6 لاکھ 41 ہزار 726 ہے جن میں سے مرد ووٹر کا تعداد 346686 جبکہ خواتین ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 40 ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ ضلع میں مجموعی طور پر 1194 انتخابی حلقے ہیں جن میں سے 63 حلقے ایسے ہیں جہاں پر خواتین ووٹرز کی تعداد مردوں سے 40 فیصد کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جس کے باعث 2013 کے عام انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آئوٹ 50 فیصد سے کم رہا اور خاص طور پر دیہات میں موجود خواتین ووٹرز نے قومی شناختی کارڈ نہیں بنوائے تھے اس لیے خواتین کو چاہیے کہ وہ عام انتخابات سے قبل اپنے قومی شناختی کارڈ جلد از جلد بنوا کر اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ‘‘ووٹ کا اندراج کل نہیں آج’’ مہم کے تحت خواتین، معذور افراد، خواجہ سرائے اور اقلیتی ووٹرز کی رجسٹریشن تیز کرنے کے لیے ضلع کے ہر شہر، گاؤں اور گلی میں ووٹر رجسٹریشن کے لیے مہم چلائے جائے گی تاکہ 2018 کے عام انتخابات میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کا ہر پاکستانی شہری اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ قومی امانت ہے جس کے ذریعے سے ہی لوگ اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں ووٹ دینا صرف ایک ضرورت نہیں بلکہ ہر شہری کی اولین ذمہ داری بھی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے نمائندے منتخب کرکے بالا ایوانوں تک بھیجتے ہیں جو ملک کی خوشحالی اور عوام کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔