پنجاب حکومت ذہین مگر بے وسیلہ طلباء و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے‘ رانا مشہود احمد

اقداما ت سے بے وسیلہ طبقات کی حصول علم تک رسائی عام ہوئی ہے جس سے فروغ تعلیم میں بھی مدد ملی ہے‘ وزیر سکولز ایجوکیشن پنجاب

بدھ 23 اگست 2017 18:17

پنجاب حکومت ذہین مگر بے وسیلہ طلباء و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ذہین مگر بے وسیلہ طلباء و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے،ان اقداما ت سے بے وسیلہ طبقات کی حصول علم تک رسائی عام ہوئی ہے جس سے فروغ تعلیم میں بھی مدد ملی ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے آفس میںاساتذہ ، ماہرین تعلیم اور عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت صوبہ بھر کے لاکھوں مستحق اور بے وسیلہ بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن مہیا کی جا رہی ہے۔زیور تعلیم پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کی16اضلاع میں سیکنڈری سکولز کی سطح تک بچیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے چھٹی سے دسویں جماعت کی بچیوں کیلئے ماہانہ وظیفے کی رقم دو سو روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس پروگرام سے ان اضلاع کی چار لاکھ60ہزار سے زائد بچیاں مستفید ہو رہی ہیں۔صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے مزید کہا کہ طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کے سرکاری سکولوںکو جدیدتدریسی ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہاہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں طالبعلموں کو ٹیبلیٹ کمپیوٹرزپر تعلیم دی جا رہی ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت سکولوں میں سمارٹ ڈیجیٹل بورڈ،سمارٹ لیبز، ٹیبلٹس اورملٹی میڈیا کلاس رومزمہیا کیے جا رہے ہیں۔ ان جدیدتدریسی آلات کی بدولت طالبعلموں کی تعلیمی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 2ہزار سرکاری سکولوں میں ٹیبلٹس اور سمارٹ بورڈ نصب کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بھٹوں پر چائلڈ لیبر کا خاتمہ کر دیا ہے ۔

پنجاب بھر میں بھٹہ مزدورں کے ہزاروں بچے وبچیوں ایک ہزار روپے فی کس ماہانہ جبکہ داخلے کے وقت 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیررانا مشہود نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف ہونہار طلبا و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔یہ انہی کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔