قربانی کے مویشیوں پر چچڑ مار سپرے کیلئے شہر کے آٹھ داخلی راستوں پر چیک پوائنٹ قائم کر دیئے ہیں ،محکمہ لائیوسٹاک

بدھ 23 اگست 2017 17:57

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) صوبائی حکومت پنجاب کی ہدایت پر عیدا لضحیٰ پر کانگو وائرس سے مکمل تحفظ کیلئے محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی نے شہر کے آٹھ داخلی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے ہیں جہاں شہر میں لائے جانیوالے قربانی کے جانوروں پر چچڑ مار سپرے کیا جاتاہے اور اس کے علاوہ 13موٹر سائیکل ٹیمیں اور آٹھ گاڑیوں پر مشتمل موبائل ٹیمیں مقرر کی ہیں جو تمام ایسی جگہیں جہاں قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت ہو رہی وہاں قربانی کے جانوروں پر چچڑ مار سپرے کر رہی ہیں۔

محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی کے تر جما ن کے مطا بق پورے صوبہ کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی قربانی کے جانوروں کو چچڑوں سے محفوظ بنانے کیلئے جامع اقدامات کئے گے ہیں تاکہ کانگو وائرس سے مکمل طور پر بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

اہلکار نے کہاکہ شہری قربانی کے جانور خریدتے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور مویشی منڈی میں ہلکے رنگ کے اور پوری آستین والے کپڑے پہن کر جائیں تاکہ اگر کسی مویشی سے چچڑ کپڑوں پر منتقل ہوں تو انہیں فوری طور پر دیکھا جا سکے اور ان کو جسم سے الگ کیا جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کو مویشی منڈیوں میں نہ لے کر جائیں اور مویشی کو ہاتھوں پردستانے پہن کر چھوئیں ۔ اہلکار نے کہاکہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کانگو وائر س سے باآسانی محفوظ رہا ہے جا سکتاہے۔