وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے ساتھ ابھرتی ہوئی علاقائی اور عالمی جیو سٹرٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے،وزیراعظم سعودی رہنما کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر امور کا بھی جائزہ بھی لیں گے، دفتر خارجہ

بدھ 23 اگست 2017 17:30

جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے ساتھ ابھرتی ہوئی علاقائی اور عالمی جیو سٹرٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی ایک روزہ سرکاری دورہ پر وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم سعودی رہنما کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر امور کا بھی جائزہ لیں گے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کریں گے۔ قبل ازیں جدہ آمد پر نائب گورنر مکہ شہزادہ عبدالله بن بندر بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شاہد خاقان عباسی کا یہ پہلا سرکاری بیرونی دورہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نائب خادمین الحرمین الشریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے ساتھ ملاقات کے علاوہ روضہ رسولؐ پر بھی حاضری دیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اس وقت نجی دورہ پر ملک سے باہر ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کا دورہ دو اہم اسلامی ممالک کے درمیان بھائی چارے اور گرمجوشی پر مبنی تعلقات کا عکاس ہے۔ یہ دورہ پاکستانی قیادت کی طرف سے پاکستان کے قریبی اور آزمودہ دوست سعودی عرب کے ساتھ متواتر دوروں کی روایت کے تناظر میں ہے، حال ہی میں دونوں اطراف سے قیادت کی سطح پر کئی دوروں کا تبادلہ ہوا ہے۔