مسلم لیگ( ن) کی حکومت عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ بھی پورا کرے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

بدھ 23 اگست 2017 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سینیٹ میں معلومات تک رسائی کے بل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ کب پورا کرے گی، وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب قوم کوجواب دیں۔

پاکستان کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں سسٹم کی خرابیوں کی نشان دہی کررہی ہیں اوران شاء اللہ عافیہ کی واپسی ملک اور قوم کیلئے خیروبرکت کا سبب بنے گی۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ رواں سال کے اوائل میں جب عافیہ کے امریکی وکلاء صدارتی معافی کے تحت عافیہ کی رہائی کیلئے پرامید تھے اورعافیہ کے پاکستانی شہری ہونے کی وجہ سے صدر مملکت یا وزیراعظم پاکستان کے ایک خط کے منتظر تھے جس کے حصول کیلئے ہم نے اسلام آباد میں اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹکٹایا تھا اور وزارت خارجہ سے بھی باضابطہ طور پر رابطہ کیا تھا کہ ہمیں موجودہ یا سابقہ حکومت کا عافیہ کی رہائی سے متعلق کوئی بھی تحریری دستاویز یا خط کی کاپی فراہم کی جائے اور اس سلسلے میں فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت وزارت خارجہ میں پے آرڈر بھی جمع کرایا تھا مگر سرکاری حکام نے روایتی تاخیر کا حربہ استعمال کرتے ہوئے امریکی صدر باراک اوبامہ کی سبکدوشی 20 جنوری، 2017 تک کا وقت گذار دیا اوراس مدت کے بعد بھی کسی خط یا دستاویز کی کاپی فراہم نہیں کی جس کا واضح مطلب نکلتا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومت نے عافیہ کی رہائی سے متعلق پوری قوم اور عافیہ کے اہلخانہ سے جو وعدے کئے تھے ان میں کوئی صداقت نہیں تھی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ قانون سازی ماضی میں بھی بہت ہوئی ہے۔ 1973 کا آئین ایک عام شہری کے تمام حقوق کی حفاظت کرتا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ طبقہ اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے حکمران اور سرکاری حکام عام شہری کو بنیادی حقوق دینے کیلئے تیار نہیںہے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ بھی پورا کرے۔

متعلقہ عنوان :