اینٹی کرپشن کو پرانے دفتری دور سے نکال کر جدید کمپیوٹرائیز نظام میں تبدیل کیا جائے گا،علم الدین بلو

آن لائن ایف آئی آر سے جعلسازی کی حوصلہ شکنی ہوگی، چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ کا اجلا س سے خطاب

بدھ 23 اگست 2017 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) چیئرمین انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ علم الدین بلو کی صدارت میں اینٹی کرپشن کمپلیکس اور کیس مینیجمنٹ سسٹم کہ متعلق اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کیس مینیجمنٹ اور اینٹی کرپشن کمپلیکس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیس مینیجمنٹ سسٹم کو جلد سے جلد متعارف کروایا جائے گا۔

چیئرمین اینٹی کرپشن علم الدین بلو نے اجلاس میں کہا کہ اینٹی کرپشن کو پرانے دفتری دور سے نکال کر جدید کمپیوٹرائیز نظام میں تبدیل کیا جائے گا اور اینٹی کرپشن سندھ خود کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کہ لئے سرگرم عمل ہے۔ علم الدین بلو نے مزید کہا کہ کمپیوٹرائیزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اس سے ایف آئی آر اور انکوائری کہ نظام میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین اینٹی کرپشن نے مزید کہا کہ کیس مینیجمنٹ کہ لئے سندھ پبلک سروسز کہ ذریعہ بھرتیاں کی جائیں گی اور تمام سرکل افسران، ڈپٹی ڈائریکٹرز کو لیپ ٹاپ اور انٹر نیٹ ڈیو ائس فراہم کئے جائیں گے جس کہ بعد افسران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت بھی دی جائے گی۔ کیس مینیجمنٹ سے نہ صرف کراچی پر سندھ کہ دیگر اضلاع کہ اینٹی کرپشن کہ دفاتر کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

چیئرمین اینٹی کرپشن نے اجلاس میں کہا کہ آن لائن ایف آئی آر سے جعلسازی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ اجلاس میں اینٹی کرپشن کہ لئے موبائیل، افسران کہ لئے نئی گاڑیاں اور اہلکاروں کہ لئے موٹر سائیکل خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے اینٹی کرپشن کمپلیکس کا نقشہ پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8 منزلہ عمارت میں چیئرمین اینٹی کرپشن اور اینٹی کرپشن کراچی کی تمام دفاتر ہونگے جب کہ اینٹی کرپشن ٹریننگ اسکول اور فارنزک لیب بھی کمپلیکس میں ہوگی۔

اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری خالد چاچڑ، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ عثمان غنی صدیقی، ڈائریکٹر انکوائریز فیصل بشیر میمن، ڈائریکٹر انکوائریز زبیر پرویز، ڈپٹی سیکریٹری منصور علی وسان، ڈائریکٹر لیگل عبدالحنان شیخ، سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :