17 ویں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش اور کانفرنس 19 سے 21 ستمبر تک کراچی میں ہوگی

آئی ٹی سی این 350 کمپنیوں، 600 سے زائد برانڈز اور ایک لاکھ سے زائد شرکاء کی میزبانی کرے گی

بدھ 23 اگست 2017 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کمیونیکیشن کے موضوع پر 17 ویں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش و کانفرنس 19 سے 21 ستمبر 2017ء تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگیتین روزہ سالانہ ایونٹ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاکستان کی آئی ٹی صنعت کے کردار سمیت بین الاقوامی کانفرنسیں شامل ہیں۔

اس میں ڈیجیٹل سیکورٹی کو درپیش چیلنجز، ٹیلی کام سمٹ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ۔ پی ایس ای بی کے لئے سی ای اوز فورم، انفارمیشن سیکورٹی کانفرنس اور آغاز پر ایک اجلاس سمیت اہم موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ مباحثوں میں تمام شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ حکومت پاکستان، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی ای) کی معاونت سے یہ نمائش دنیا کے طاقتور برانڈز کو اپنی جدید مصنوعات اور خدمات پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی جبکہ صارفین کو ایک چھت کے نیچے ٹیکنالوجیز کی ایک وسیع رینج میسر ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سال آئی ٹی سی این 350 کمپنیوں، 600 سے زائد برانڈز اور ایک لاکھ سے زائد شرکاء کی میزبانی کرے گی۔ دنیا بھر سے مقررین اور 70 ماہرین سمیت 3 ہزار سے زائد آئی سی ٹی صنعت سے تعلق رکھنے والے سی ٹی اوز اور سی ایکس اوز کی شرکت متوقع ہے۔ اس ایونٹ میں ای کامرس، ریٹیل، ٹیلی کام، کلائوڈ، ڈیٹا سینٹر، صحت کی دیکھ بھال، بینکنگ، کاروبار، تھری ڈی پرنٹنگ، ڈیجیٹل دستخط، ڈیجیٹل پرنٹنگ، کنزیومر ٹیکنالوجی، براڈ کاسٹنگ آلات، لائٹس اور ایل ای ڈی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سیکورٹی، آگ سے تحفظ کے آلات اور ہارڈ ویئر سمیت اہم موضوعات شامل ہیں۔

اس نمائش کے ذریعے پاکستان کو عالمی آئی ٹی سرمایہ کاروں، ماہرین اور صنعت کے وسیع رینج کے حامل ٹیکنالوجی منصوبوں کے انتظام کیلئے پرکشش مقام کی حیثیت سے فروغ ملے گا۔ پاکستان کی آئی ٹی صنعت بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابیوں کے ساتھ کم و بیش 2000 کمپنیوں، سافٹ ویئر ہائوسز اور کال سینٹرز پر مشتمل ہے جو گزشتہ دھائی میں صنعت کے سالانہ آمدنی میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔ آج اس کا سالانہ ریونیو 2.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے اور 2020ء تک 5 ارب ڈالر سے تجاوز ہونے کی توقع ہے۔ کم و بیش 150 آئی ٹی کمپنیاں ISO 9000 اور ISO 27001 جیسے آئی ٹی کوالٹی معیارات کے مطابق تصدیق شدہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :