بین الاقوامی خطاطی نمائش (کل)سے اسلام آباد میں شرو ع ہوگی، انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

100 فن پارے نمائش کیلئے رکھے جائیں گے، ترکی سے گیارہ رٴْکنی وفد بھی نمائش میں شرکت کریگا ’فن خطاطی، تحفظ اور فروغ کے تقاضے‘کے عنوان پر سیمینار ہوگا، بین الاقوامی اور مقامی ماہرین اظہار خیال کریں گے، عرفان صدیقی

بدھ 23 اگست 2017 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے زیر اہتمام بین الاقوامی خطاطی نمائش (کل)جمعہ سے اسلام آباد میں شرو ع ہوگی جس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اپنی نوعیت کی یہ پہلی بین الاقوامی نمائش کا افتتاح 25اگست کو ہورہا ہے جو 28 اگست تک جاری رہے گی۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی گیلریز میں منعقد ہونے والی اس نمائش کے انعقاد میں اسلامی کانفرنس کے ذیلی ادارے مرکز تحقیق برائے تاریخ، فنون واسلامی ثقافت(ارسیکا) نے تعاون کیا ہے۔

ارسیکا کے اعلی عہدیداروں پر مشتمل گیارہ رٴْکنی وفد بھی اس نمائش میں شرکت کرے گا۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے لئے وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے بتایا کہ اس نمائش میں تقریبا ایک سو فن پارے نمائش کے لئے رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان میں مصر، مراکش، ایران، ترکی ، شام، فلسطین، عراق، تیونس، انڈونیشیا، بوسنیا، ہرزوگوینا، سپین، برطانیہ، تھائی لینڈ، سوڈان اور اٴْردن کے خطاطوں کے تینتالیس فن پارے نمائش میں رکھے جا رہے ہیں۔

نمائش میں ملک کے طول و عرض سے آئے 36 پاکستانی خطاطوں کے فن پارے بھی شامل ہوں گے۔ مجموعی طور پر خطاطی کے ایک سو سے زائد اعلی نمونے نمائش میں رکھے جارہے ہیں۔ عرفان صدیقی نے بتایا کے نمائش چار دن جارے رہے گی جس کا عام لوگ اپنی سہولت کے مطابق مشاہدہ کر سکیں گے۔ 26اگست کو ایک سیمینار کا انعقاد بھی ہورہا ہے جس کا موضوع ’’فن خطاطی__ تحفظ اور فروغ کے تقاضے‘‘ہے جس میں بین الاقوامی اور مقامی ماہرین اظہار خیال کریں گے۔ ورکشاپ کا اہتمام بھی نمائش کا حصہ ہے جس میں مختلف اوقات میں خطاط اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :