مریم نواز نے والدہ کو گلے کے کینسر کی تصدیق کردی

والدہ کو لمفومہ کی بیماری ہے، ڈاکٹرز کے مطابق کینسر ابتدائی اسٹیج پر ہے اور قابل علاج ہے، اللہ انہیں مکمل صحت یابی عطا کرے ، آپ سب کی دعاں کی شکرگزار ہوں،سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی کا ٹویٹ

بدھ 23 اگست 2017 17:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کو گلے کے کینسر کی تصدیق کردی ۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ میری والدہ کو لمفومہ کی بیماری ہے۔والدہ کو گلے کا کینسر ان کی گردن کے بائیں جانب ہے جب کہ کینسر تشخیص ہونے کے بعد علاج شروع کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹرز کے مطابق کینسر ابتدائی اسٹیج پر ہے اور قابل علاج ہے، اللہ انہیں مکمل صحت یابی عطا کرے جب کہ آپ سب کی دعاں کی شکرگزار ہوں۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو گزشتہ روز حلق کا کینسر تشخیص ہوا جس کے علاج کی غرض سے وہ لندن میں موجود ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے گلے کا کینسر قابل علاج ہے اور ان کا علاج جلد شروع کیا جائے گا اور وہ جلد صحت یاب بھی ہو جائیں گی۔