وکلاء تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ، بطور احتجاج ہر جمعرات کو بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے ،بار رومز پر سیاہ پرچم لہرائیں گے

جب تک ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور ہائیکورٹ کے مابین معاملات طے نہیں پا جاتے احتجاج جاری رہے گا‘ اجلاس میں فیصلہ

بدھ 23 اگست 2017 16:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری ذوالفقار علی کی زیر صدارت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پنجاب بار کونسل اور لاہور بار ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 21اگست کو وکلاء پر تشدد کی پر زور مذمت کی گئی جس میں سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عامر سعید راں اور محمد فنانس سیکرٹری ظہیر بٹ سمیت درجنوں وکلاء زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آمریت کے دور میں ایسی غیر قانونی اور غیر اخلاقی حرکت نہیں کی گئی جیسے کہ موجودہ جمہوری دور میں لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ کے اندر کنٹینرز لگا کر عدالتوں تک سائلین کی رسائی نا ممکن بنا دی گئی۔ ہائوس نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ہر جمعرات کو وکلاء بطور احتجاج بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور بار رومز پر سیاہ پرچم لہرائیں گے۔ ہائوس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ جب تک ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور ہائیکورٹ کے مابین معاملات طے نہیں پا جاتے احتجاج جاری رہے گا۔ ہائوس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں آل پاکستان نمائندہ وکلاء کنونشن منعقد کرنے کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔