نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے میڈیکل ٹیسٹ سے بلڈ کینسر کی تصدیق ہوگئی

ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو مزید علاج کیلیے بلڈ کینسراسپیشلسٹ کے پاس ریفرکردیا،کیمو تھراپی سمیت دیگر ٹریٹمنٹ اگلے ہفتے شروع ہوگا،اس سے قبل کلثوم نواز کے حلق میں کینسر کی اطلاع آئی تھی۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 اگست 2017 15:52

نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے میڈیکل ٹیسٹ سے بلڈ کینسر کی تصدیق ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اگست 2017ء ) : مسلم لیگ نون کے قائد محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے میڈیکل ٹیسٹ سے بلڈ کینسر کی تصدیق ہوگئی ہے،ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو مزید علاج کیلیے بلڈ کینسراسپیشلسٹ کے پاس ریفرکردیا ہے، اس سے قبل کلثوم نواز کے حلق میں کینسر کی اطلاع آئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی ڈاکٹرز نے بیگم کلثوم نواز کے مزید خون کے ٹیسٹ لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کلثوم نواز کو حلق کا کینسر نہیں بلکہ بلڈ کینسر ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کا بلڈ کینسر ابتدائی اسٹیج پر ہے۔ ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو مزید علاج کیلیے بلڈ کینسراسپیشلسٹ کے پاس ریفرکردیا ہے۔ تاہم کیمو تھراپی سمیت دیگر ٹریٹمنٹ اگلے ہفتے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے گزشتہ روزحسن نوازنے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بیگم کلثوم نوازکے لندن میں چند روز قبل کچھ میڈیکل ٹیسٹ لیے گئے ،جس میں ان کو حلق میں کینسرکی تشخیص ہوئی ہے۔

تاہم ان کامرض قابل علاج ہے۔ان کاعلاج آئندہ چند روز میں شروع کردیا جائے گا۔حسن نوازنے عوام اور پارٹی کارکنوں سے بیگم کلثوم نوازکی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی بھی اپیل کی تھی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازاین اے 120میں مسلم لیگ ن کی امیدوارہیں۔ تاہم وہ انتخابی مہم چھوڑچھاڑکربیماری کے باعث لندن چلی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق کلثوم نوازکی غیرموجودگی میں مریم نوازاین اے 120میں ان کی انتخابی مہم کی نگرانی کریں گی۔انہوں نے الیکشن 2013ء میں اپنے والد کی انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔ بعض اطلاعات کے مطابق  بیگم کلثوم نوازکی تیمارداری اور دیکھ بھال کیلئے سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کی صاحبزادی مریم نوازکی آئندہ چند روز میں لندن روانگی کا امکان ہے۔