مقررہ سیل پوائنٹ کے علاوہ کسی بھی مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہ ہوگی‘ ارقم طارق

خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی عمل میںلائی جائے گی ‘ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ

بدھ 23 اگست 2017 15:00

شیخو پورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء)ڈپٹی کمشنر ارقم طارق نے عید الضحیٰ کے موقع پر عوام الناس کی سہولیات کے لئے شہر میں موجود کیٹل مارکیٹ نزد غازی مینار سرگودھا روڈ کو قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے مرکز کے طور پر استعمال کرنے ہدایات جاری کی ہیں۔ جبکہ عیدا لضحیٰ پرضلع بھر میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے دس سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں ، مقررہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی دوسرے مقام پر جانور فروخت کرنے کی ممانعت ہوگی، تمام سیل پوائنٹس پر لائیو سٹاک کا عملہ تعینات ہوگا جبکہ سکیورٹی کیلئے پولیس اور سول ڈیفنس کے رضا کار فرائض سرانجام دینگے۔

منڈیوں میں لائے جانے والے تمام جانوروں کی سکریننگ کی جائے گی جبکہ میڈیکل سہولیات بھی موقع پر دستیاب ہوں گی ۔

(جاری ہے)

تمام سیل پوائنٹس پر لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی مقررہ ٹیمیں فروخت کیلئے لائے جانیوالے جانوروں کو ضروری علاج معالجہ کی فراہمی کے ساتھ کانگو اور کسی بھی دوسری بیماری سے بچاؤ کیلئے ضروری اقدامات بھی کریں گی جبکہ مقررہ سیل پوائنٹس پر روشنی، ٹینٹ، بیوپاریوں، خریداروں او ر جانوروں کیلئے پانی کی فراہمی جیسی سہولیات دستیاب ہوںگی ۔منظور شدہ کیٹل مارکیٹ کے علاوہ شہر بھر میںکسی بھی شخص کو قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہ ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق نے خلاف ورزی کرنے پر قانونی کاروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔