این اے 120ضمنی انتخاب ، الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر پرویز ملک کو نوٹس ، جواب طلب

بدھ 23 اگست 2017 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب سے متعلق مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کو نوٹس جاری کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور وفاقی وزیر پرویز ملک کو این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر نے درخواست دی تھی جس میں موقف اپنایا کہ پرویز ملک کلثوم نواز کی انتخابی مہم میں حکومتی وسائل استعمال کررہے ہیں جبکہ وہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ساتھ ملا کر مہم چلارہے ہیں۔جس پر الیکشن کمیشن نے ضمن انتخاب کے لیے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پرویز ملک کو نوٹس جاری کردیا ہے۔الیکشن کمیشن نے پرویز ملک سے 3 روز میں جواب طلب کیا ہے۔واضح رہے کہ حلقہ این اے 120 کی نشست پر انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :