اگر ملک کے منتخب وزیراعظم عدالتوں کا سامنا کرسکتے ہیں اور انہیں سزا ہو سکتی ہے تو جس شخص نے ملک کا آئین توڑا ہے اسے بھی سزا ہو سکتی ہے‘آئین شکن سمیت سب قانون کی نظر میں برابر ہیں،قومی شناختی کی فراہمی کیلئے موبائل وینز کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جائے گا تا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر شناختی کارڈ کی سہولت میسر آ سکے،شناختی کارڈ کے حصول میں جعل سازی کے تمام راستے بند کئے جائیں گے، پاکستان پرامن ملک ہے اور دنیا میں امن دیکھنا چاہتا ہے‘ خوشحال مستقبل کیلئے ہمیں صرف اپنی سرحدوں میں نہیں بلکہ خطے میں بھی امن چاہئے‘اگر کسی ملک میں امن نہیں ہوگا تو وہ اقتصادی طور پر ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان سے زیادہ کسی ملک کی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے نہ خدمات ہیں نہ قربانیاں‘ ہم کسی ایسے الزام کو درست نہیں سمجھتے جو پاکستان پر دہشت گردی کو پناہ دینے کے حوالے سے لگایا جائے

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی نادرا میگا سنٹر بلیو ایریا کا دورہ کے موقع پر بات چیت وزیر داخلہ نے میگا سنٹر میں نادرا سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ ‘نادرا حکام نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی

بدھ 23 اگست 2017 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر ملک کے منتخب وزیراعظم عدالتوں کا سامنا کرسکتے ہیں اور انہیں سزا ہو سکتی ہے تو جس شخص نے ملک کا آئین توڑا ہے اسے بھی سزا ہو سکتی ہے،آئین شکن سمیت سب قانون کی نظر میں برابر ہیں،قومی شناختی کی فراہمی کیلئے موبائل وینز کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جائے گا تا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر شناختی کارڈ کی سہولت میسر آ سکے،شناختی کارڈ کے حصول میں جعل سازی کے تمام راستے بند کئے جائیں گے، پاکستان پرامن ملک ہے اور دنیا میں امن دیکھنا چاہتا ہے‘ خوشحال مستقبل کیلئے ہمیں صرف اپنی سرحدوں میں نہیں بلکہ خطے میں بھی امن چاہئے‘اگر کسی ملک میں امن نہیں ہوگا تو وہ اقتصادی طور پر ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان سے زیادہ کسی ملک کی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے نہ خدمات ہیں نہ قربانیاں‘ ہم کسی ایسے الزام کو درست نہیں سمجھتے جو پاکستان پر دہشت گردی کو پناہ دینے کے حوالے سے لگایا جائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزیر داخلہ نے نادرا میگا سنٹر بلیو ایریا کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے میگا سنٹر میں نادرا سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا اس موقع پر وزیر داخلہ کو نادرا حکام نے بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نادرا دنیا میں ایک نامور ادارے کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ عام انتخابات کے دوران نادرا کا کلیدی کردار ہوگا‘ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لئے زیادہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہے‘ جعلی شناختی کارڈز کی روک تھام کے لئے کئی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ وہ شخص جو ملک میں سیاہ سفید کا مالک تھا جو ٹیلی ویژن پر انٹریو دے رہا ہے وہ قانون کا سامنا نہیں کررہا۔ انہوں نے ملک سے جانے کا فیصلہ عدالت کے ذریعے کیا اگر پاکستان کے وزیراعظم عدالتوں کا سامنا کرسکتے ہیںکوئی تو وجہ نہیںکہ ایک ایسے شخص جس نے ملک کا آئین توڑا اورپاکستان کو آگ اور خون میں دھکیلا ہو اس کے خلاف اگر عدالت میں مقدمات ہوں تو وہ اس سے راہ فرار اختیار کرے، قانون کے آگے سب برابر ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کے اندر پاکستان سے زیادہ کسی ملک کی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے خدمات ہیں نہ قربانیاں ہیں ہم کسی ایسے الزام کو درست نہیں سمجھتے جو پاکستان پر دہشت گردی کو پناہ دینے کے حوالے سے لگایا جائے۔ پاکستان نے پچھلے چار سالوں میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اس کی مثال بھی دنیا میں کوئی اور ملک فراہم نہیں کرسکتا۔

پاکستان پرامن ملک ہے یہ پرامن ملک دنیا میں بھی امن دیکھنا چاہتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے پاکستان کو بنانے کے لئے اپنا فرض ادا کررہے ہیں اگر کسی ملک میں امن نہیں ہوگا تو وہ اقتصادی طور پر ترقی نہیں کرسکتا۔ خوشحال مستقبل کے لئے ہمیں صرف اپنی سرحدوں میں امن نہیں چاہئے بلکہ اپنے خطے میں بھی امن چاہئے۔ ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ مل کر خطے میں امن قائم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے اس خطے کے ممالک کو مل کر کام کرنا ہے دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں دہشت گردی کو ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھا کر ختم نہیں کرسکتے۔