اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق نے یہودی آباد کاری میں ملوث بین الاقوامی بلیک لسٹ کمپنیوں کی فہرست تیار کرلی

بدھ 23 اگست 2017 14:50

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری میں ملوث بین الاقوامی کمپنیوں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔ یہ فہرست جلد ہی شائع کردی جائیگی۔امریکی اخبار ’واشگٹن پوسٹ‘ کے مطابق اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر رعد بن زید الحسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یو این‘ کے زیراہتمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی اذباد کاری میں کسی نا کسی شکل میں معاونت کرنیوالی کمپنیوں کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے۔

اس فہرست میں وہ تمام کمپنیاں بھی شامل ہیں جو غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس اور وادی گولان میں اسرائیل کے توسیعی اور آباد کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں معاون ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار کے مطابق اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ کمپنیوں کی فہرست میں ’کارٹر پیلر‘ ٹریپاڈوائز، پراسیلائن اور Airbnb کا نام بھی آسکتا ہے کیونکہ یہ کمپنیاں بھی غرب اردن کے علاقوں میں یہودی توسیع پسندی کے منصوبوں میں سرگرم عمل ہیں۔

اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ بلیک لسٹ کمپنیوںکی فہرست شائع کرنے سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ امریکا نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر رعد بن زید الحسین پر بھی دباؤ ڈالا ہے مگر فی الحال انہوں نے امریکی دباؤ قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ادھر اسرائیلی حکومت اور امریکہ میں یہودی لابی بھی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری میں ملوث کمپنیوں کی فہرست شائع کرنے سے روکنے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔ اسرائیل اور یہودی لابی نے فہرست جاری کرنے سے روکنے کیلئے مختلف حربے استعمال کرنا شروع کردیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :