انتفاضہ القدس، ایک ہفتے کے دوران 6فدائی حملے، 3 صہیونی زخمی،کریک ڈاؤن میں36 بچوں سمیت 95 فلسطینیوں کوحراست میں لیا گیا

60 مقامات پر اسرائیلی فوج کیساتھ تصادم، لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ، دھاتی گولیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 22 فلسطینی زخمی

بدھ 23 اگست 2017 14:50

غرب اردن/ غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) فلسطین کے مقبوضہ شہروں میں اسرائیلی ریاست کی دہشت گردی کیخلاف جاری فلسطینی انتفاضہ القدس کی کارروائیوں کے دوران گزشتہ ہفتے چھ فدائی حملے کئے گئے جن میں تین صہیونی زخمی ہوئے۔انتفاضہ القدس کو مانیٹر کرنیوالی ویب سائیٹ کی طرف سے جاری ہفتہ وار رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کیساتھ فلسطینیوں کے 60 مقامات پر مزاحمتی واقعات رونما ہوئے۔

زعترہ چوکی کے قریب فلسطینی شہری کے چاقو حملے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا جبکہ قابض صہیونی فوج کی جوابی فائرنگ میں ایک 17سالہ بچہ قتیبہ یوسف زھران شہید ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران غرب اردن، بیت المقدس اور غزہ کی پٹی کے سرحدی علاقوں میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان متعدد مقامات پر تصادم ہوا۔

(جاری ہے)

غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا۔

غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ام صفا کے مقام پر پتھرائو کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے گزشتہ ہفتے الخلیل شہر میں تین فدائی حملے ناکام بنائے جبکہ بیت المقدس میں شعفاط کیمپ اور نتانیا کے مقام پر بھی فلسطینیوں کے چاقو سے حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔اگست کے تیسرے ہفتے کے دوران غرب اردن کے فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کو تین بم حملوں سے نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا کہ قبتہ راحیل اور عایدہ کیمپ میں اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹیوں پر تین بم پھینکے گئے تاہم ان میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان 60 مقامات پر تصادم ہوا۔ قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ کی اوردھاتی گولیوں سے انہیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم 22 فلسطینی زخمی ہوئے۔

فلسطینی شہریوں کی طرف سے غرب اردن اوربیت المقدس میں اسرائیلی فوج پر 14 پٹرول بم بھی پھینکے گئے۔اگست کے تیسرے ہفتے کے دوران غرب اردن سے تعلق رکھنے والا ایک 17 سالہ بچہ قتیبہ یوسف زھران اسرائیلی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ کر شہید ہوا۔ اسرائیلی فوج نے شہید زھران کا جسد خاکی قبضے میں لے لیا جس کے بعد اسرائیلی فوج کے قبضے میں موجود شہداء کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہا اور36 بچوں سمیت 95 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :