مصری حکام نے الجزائر سے آنیوالے امدادی قافلے کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روک دیا

بدھ 23 اگست 2017 14:50

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی مسلط کردہ معاشی ناکہ بندی کے خلاف سرگرم تنظیم کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مصری حکام نے افریقی ملک الجزائر سے آنیوالے ایک امدادی قافلے کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روک دیا جس کے بعد امدادی قافلہ واپس جانے پر مجبور ہوگیا ہے۔اطلاعات کے مطابق غیرسرکاری تنظیم کی طرف سے جاری بیان میں الجزائر سے محض انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجے گئے امدادی قافلے کو غزہ داخل ہونے سے روکنا انتہائی شرمناک اور افسوسناک اقدام ہے۔

(جاری ہے)

مصری حکام کا یہ طرز عمل حالیہ عرصے کے دوران دو طرفہ تعلقات میں آنیوالی بہتری کی مثبت روح کیخلاف ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے الجزائر سے آنیوالے امدادی قافلے کوغزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے روکا ہے۔ غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت نہ دینے کے بعد امدادی قافلہ واپس الجزائر روانہ ہوگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الجزائر سے آنیوالے امدادی قافلے کے منتظمین نے مصری حکومت سے پیشگی اس کی اجازت بھی لے رکھی تھی۔ اس کے علاوہ اس نے تمام قانونی تقاضے پورے کررکھے تھے مگر اس کے باوجود مصری انتظامیہ نے امدادی قافلے کو محصورین غزہ تک پہنچنے سے روک دیا۔

متعلقہ عنوان :