امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ جیمز کلپر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی مریض قرار دیدیا

ٹرمپ امریکی صدر کے عہدے کیلئے اہل نہیں ،ْ جنوبی ایشیا کیلئے ٹرمپ کا پالیسی بیان خوفناک اور پریشان کن ہے ،ْ جیمز کلپر کا انٹرویو

بدھ 23 اگست 2017 14:31

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ جیمز کلپر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی مریض قرار دیتے انہیں امریکی صدر کے عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے جیمز کلپر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بحیثیت امریکی صدر ہونے پر سوالات اٹھا دیئے۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں ان کے امریکی صدر ہونے پر سوال اٹھاتا ہوں اور میں اس حوالے سے کی جانے والی ان کی حوصلہ افزائی پر تشویش کا اظہار کرتا ہوں۔

امریکی صدر کی نئی افغان پالیسی کے حوالے سے کی گئی تقریر پر سابق سی آئی اے سربراہ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے لیے ٹرمپ کا پالیسی بیان خوفناک اور پریشان کن ہے۔سابق ڈائریکٹر سی آئی اے نے امریکی صدر کے رویے کو منفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا طرز عمل انتہائی غیر مہذب، اخلاق اور روایات کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں گذشتہ رات کے بعد خاموش رہنا چاہیے ،ْمیں سمجھتا ہوں کہ اصل ٹرمپ سامنے آرہا ہے۔

سابق سی آئی اے سربراہ نے کہا کہ وہ امریکی صدر کو جوہری کوڈز تک رسائی دینے کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحیثیت کمانڈر اِن چیف امریکی قوم سے اپنے پہلے رسمی خطاب میں افغانستان، پاکستان اور جنوبی ایشیاء کے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔اپنے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :