اسلام آباد میں قائم سستے بازار میں آگ لگنے سے کئی سٹال جل گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 اگست 2017 13:46

اسلام آباد میں قائم سستے بازار میں آگ لگنے سے کئی سٹال جل گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 اگست۔2017ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع سستے بازار میں لگی آگ سے کئی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں جب کہ فائربریگیڈ کاعملہ کئی گھنٹوں سے آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے- اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں کچرے کے ڈھیر کوٹھکانے لگانے کے لیے آگ لگائی گئی تھی جس نے تیز ہوا کے باعث وہاں لگے پرانے کپڑوں کے اسٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود آگ پر قابو نہ پایا جاسکا اورآگ بازار کے بیشتر حصے میں پھیل چکی ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ہم ہر ممکن کوشش کرہے ہیں کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سرکاری فائر بریگیڈ کے علاوہ نجی کمپنیوں کے واٹر ٹینکر بھی منگوالیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے بتایا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ کیسے لگی اس کی انکوائری بعد میں ہوگی تاہم ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ آگ ایک اسٹال میں یو پی ایس کی بیٹری پھٹنے کے باعث لگی۔دوسری جانب سستا بازار کے تاجروں کا کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے پہنچا جس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی۔

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر سستا بازار پہنچے تو شہریوں اور تاجروں نے ان سے امدادی ٹیموں اور فائربریگیڈ کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے کی شکایت کی جس پر میئراسلام آباد نے انہیں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :