مصباح الحق کے ماتحت کھیل کر بہت کچھ سیکھا ،سرفراز احمد

مصباح الحق کے مشن کو آگے لے جانے میں کامیاب رہا تو یہ ان کیلئے بہت بڑی کامیابی ہو گی ،ْانٹرویو

بدھ 23 اگست 2017 13:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سابق کپتان مصباح الحق کے ماتحت کھیل کر بہت کچھ سیکھا ،ْ اولین مقصد ان کے کام اور مشن کو آگے بڑھانا ہے اور یہی میری کامیابی ہوگی۔ایک انٹرویو میں چمپئن کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ان کے ذہن میں قیادت کی سوچ تک نہیں تھی مگر وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا کپتان بن کر سمجھتے ہیں کہ ایک خواب پورا ہوا۔

ان کا کہناتھاکہ مصباح الحق نے جس انداز سے پاکستان کی قیادت کی اس کیلئے انہیں کسی بھی طرح خراج تحسین پیش کرنا ناکافی ہوگا ۔سرفرازاحمد نے کہا کہ مصباح الحق نے 2010ء میں جن حالات میں قومی ٹیم کی قیادت سنبھالی اور پھر اسے کامیابی کی راہ پر گامزن کیا، وہ مثالی تھا، اسی وجہ سے ٹیم کرکٹ ٹیسٹ کی نمبر ایک بنی، جسے معجزہ کہا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

چمپئن کپتان نے امید ظاہر کی کہ وہ توقعات کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے کیونکہ کپتان کی حیثیت سے ابھی ان کے کیریئر کا آغاز ہے اور انہیں بخوبی علم ہے کہ انہیں ابھی کئی سخت اور مشکل چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی جو بھی کرکٹ مصباح الحق کے ماتحت کھیلی ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا کہ وہ سیشنز کے اعتبار سے حالات کو کس طرح قابو کیا کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اپنے دور قیادت کو مصباح الحق کے انداز سے آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور ان کا مقصد یہی ہے کہ سابق کپتان اس ٹیم کو جہاں چھوڑ کر گئے ہیں اسی کام کو آگے لے جائیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر وہ مصباح الحق کے مشن کو آگے لے جانے میں کامیاب رہے تو یہ ان کیلئے بہت بڑی کامیابی ہو گی اور ان سے جو کچھ بھی سیکھا اس کا حق ادا ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :