امریکہ کی پاکستان کونان نیٹواتحادی حیثیت ختم کرنیکی دھمکی

پاکستان اسی طرح دہشت گردوں کو پناہ دیتا رہا تو پاکستان کی نان نیٹو اتحادی حیثیت خطرے پر پڑ سکتی ہے ،ْ امریکی وزیر خارجہ

بدھ 23 اگست 2017 13:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) امریکہ نے پاکستان کی امداد روکنے اور نان نیٹو اتحادی حیثیت ختم کرنیکی دھمکی دے دی۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے واشنگٹن میں افغان پالیسی پر میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نان نیٹو اتحادی ہے اور امریکی فوج سے قریبی تعلقات بھی ہیں تاہم اگر پاکستان اسی طرح دہشت گردوں کو پناہ دیتا رہا تو پاکستان کی نان نیٹو اتحادی حیثیت خطرے پر پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کو نہ صرف ٹھکانے فراہم کر رہا ہے بلکہ ان ٹھکانوں میں ملک سے باہر امریکی فوجیوں پر حملے اور افغان امن کوششوں کیخلاف منصوبے بھی بنتے ہیں۔ اس لیے اگر دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے ختم نہ ہوئے تو پاکستان سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان سے تعلقات کا انحصار دہشت گردوں سے نمٹنے کے نتائج پر ہوگا اور اس کیلئے پاکستان کو اپنے بہترین مفاد میں فیصلہ خود کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ہمیشہ سے پاکستان سے اچھے تعلقات رہے تاہم چند برسوں سے اعتماد کی فضا متاثر ہوئی ہے البتہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ختم ہونے کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہی ہوگا۔ریکس ٹلرسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ جہاں دہشت گرد ہوں گے، حملہ کریں گے، دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں کو نوٹس پر رکھا ہے ،ْ دہشت گردوں کو تحفظ دینے والوں سے نمٹ لیں گے اور دہشت گردوں کو تحفظ دینے والوں کو راستہ بدلنے کا بھی کہیں گے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اسی طرح انتہا پسندوں کو مبینہ ٹھکانے دیتا رہا تو اتحادی حیثیت پر سوال آئیگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطا بق پاکستان ان16 نان نیٹوپارٹنرزمیں سے ایک ہے جس سے امریکہ کے قریبی فوجی تعلقات ہیں۔اسی طرح امریکہ نے رواں سال پاکستان کی 35 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد بھی روک رکھی ہے