آرٹیکل 35A کی مجوزہ منسوخی کے خلاف کشتواڑ میں احتجاجی مظاہرے

بدھ 23 اگست 2017 13:00

جموں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بھارتی آئین کی آرٹیکل 35Aکی مجوزہ منسوخی کے خلاف کشتواڑ میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلعی عدالت کی عمارت کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سول سوسائٹی کے ارکان سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے آرٹیکل 35Aکی مجوزہ منسوخی کے خلاف نعرے لگائے۔ پبلک ایویئرنس فرنٹ کشتواڑ کے ضلعی صدر شاکر صدیقی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آرٹیکل 35Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی شدید مذمت کی۔ سماجی کارکن نصیر احمد باغوان نے اپنے خطاب میں آرٹیکل کی منسوخی سے مقبوضہ علاقے پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ متنازعہ جموںوکشمیر کے بارے میں اپنے مذموم منصوبوں سے باز آجائے اور تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرے۔