وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے متعلق بریفنگ دی‘ اجلاس میں پی اے سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی 2 سالہ کنٹریکٹ پر 90 روزہ پروبیشن کے ساتھ تعیناتی کی منظوری دی گئی

بدھ 23 اگست 2017 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں پی اے سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی 2 سالہ کنٹریکٹ پر 90 روزہ پروبیشن کے ساتھ تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن کو ہدایت کی کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے سی ایل کی تعیناتی کے 60 روز کے اندر اندر منافع بخش کاروباری منصوبہ پیش کیا جائے۔ کابینہ نے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں کمشنر کی تعداد ساتھ تک بڑھانے اور دوبارہ تعیناتی کی منظوری دی۔ اجلاس میں عالمی فنڈز کے تحت ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کیلئے ملنے والی امداد کو ٹیکس ڈیوٹیز اور لیویز کی ادائیگی استثنیٰ کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

زندگی بجانے والی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کی منظوری دی گئی اور وزارت قومی ہیلتھ سروسز ، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ قومی ڈرگ پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے عام لوگوں کو مناسب قیمتوں پر زندگی بچانے والی معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائے۔ کابینہ نے گیس کی جاری ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے اور فنڈز کی دستیابی کی صورت میں موجودہ حکومت کی جانب سے دور دراز علاقوں میں نئے منصوبے شروع کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے تیل اور گیس کے شعبہ میں تعاون کیلئے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل عوامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ نائیجیریا کی حکومت کے درمیان بین الحکومتی معاہدہ پر مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دی۔