ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی تمام فیکٹریوں اورکثیرالمنزلہ کمرشل بلڈنگز اورپلازوں کو آتش زدگی سے نمٹنے کے انتظامات ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 22 اگست 2017 23:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوند ل نے تمام فیکٹریوں،ہوٹلوں، تعلیمی اداروں، پٹرو ل پمپ ، سی این جی سٹیشنوں ، شادی ہالوں ، کار او ر موٹرسائیکل شورومز، کثیرالمنزلہ کمرشل بلڈنگز اورپلازوں کو آتش زدگی سے نمٹنے کے انتظامات ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ایک دفتری حکمنامہ میں ڈپٹی کمشنر و قائم مقام کمشنر طلعت محمود گوندل نے سول ڈیفنس آفیسر، چیف انسٹرکٹر گریڈ ٹو کو اختیارات دئیے ہیں کہ وہ حکمنامہ کے شیڈیول ون میں دی گئی کسی بھی عمارت کا کسی بھی وقت آتش زدگی سے نمٹنے کے انتظامات چیک کرنے کیلئے معائنہ کرسکتے ہیں۔

خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالک یا منتظم کو چھ ماہ تک قید یا پھر جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

حکمنامہ کے شیڈیول ون میں دی گئی عمارات میںٹیکسٹائل، گارمنٹس، ٹوبیکو، پلائی ووڈ، پولٹری فیڈ، سیمنٹ، کیمیکل، جو س اینڈ بیوریج، فرٹیلائیزر، فوڈ، سوپ، ربر،ٹائر، پینٹ اور سینٹری فٹنگ فیکٹریاں شامل ہیں جبکہ مذکورہ نوٹس پٹرول پمپوں، سی این جی سٹیشنوں، چار یا زیادہ منزلوں پر مشتمل کمرشل عمارات اور پلازوں، تین یا زیادہ منزلوں پر مشتمل ہوٹلوں، یونیورسٹیوں، کالجوں، سکولوں، پرنٹنگ پریس، سٹیڈیم، شادی اور کمیونٹی ہالوں ، گاڑیوں کی ورکشاپوں، موٹلز، ریسٹورنٹس، فرنیچر کی دکانوں، فوم بیچنے کے مراکز، الیکڑنکس شاپس، شورومز اور کمپوٹر سنٹر اور لیبز کے انتظامیہ کو بھی بھیجا گیا ہے۔