راولپنڈی ڈویژن میں اب تک 3 سو سے زائد نابینا اور معذور افراد کو سرکاری و نجی اداروں میں بھرتی کیا جا چکا ہے‘ طلعت محمود گوندل

منگل 22 اگست 2017 23:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء) قائم مقام کمشنر راولپنڈی ڈویژن طلعت محمود گوندل نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں اب تک 3 سو سے زائد نابینا اور معذور افراد کو سرکاری و نجی اداروں میں بھرتی کیا جا چکا ہے‘معذور افراد کو بھرتی کرنے کے سلسلے میں راولپنڈی ڈویژن پہلے نمبر پر ہے ‘ محکموںکے سربراہان کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی سے قبل ڈیلی ویجز پر بھرتی کیے جانے والے معذور افراد کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔

یہ بات انہو ں نے اپنے دفتر میں معذور افراد کی بھرتی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ․ اجلاس میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی ڈویژن محمدا سلم میتلا ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی نبیلہ ملک، سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر فیاض احمد بٹ، ڈی او سپیشل ایجوکیشن راولپنڈی ڈاکٹر فوزیہ خالد، ڈپٹی ڈی ای او ایجوکیشن ویمن مس ہاجرہ، فوکل پرسن بلائینڈ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن نبیل ستی سمیت دیگر متعلقہ محکمو ںکے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قائم مقام کمشنر طلعت محمود گوندل نے کہا کہ معذور افراد کو ان کے ہوم سٹیشنز پر موجود اداروں میں تعینات کیا جائے تاکہ انہیں ملازمت کے سلسلے میں دور دراز علاقوں میں نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال اور اٹک میں مزید معذور افراد کو بھرتی کرنے کے لیئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی کیلئے حکومت پنجاب نے بروقت ٹھوس اقدامات اٹھائے جس کے تحت معذور افراد کے طرز زندگی میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کو سپورٹس کے شعبے میں جانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ کھیل کے میدان میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ اس موقع پرڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی ڈویژن محمد اسلم میتلا نے نابینا اور معذور افراد کی سرکاری و نجی ادارو ںمیں بھرتی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔