سیالکوٹ،پولیس چھاپے کے دوران ملزم کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ،دو اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد ،موبائل فون اور سرکاری اسلحہ چھین کر ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے فرار

منگل 22 اگست 2017 23:40

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء) پولیس کا متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ملزم کی گرفتاری کیلئے ڈیرہ کی دیوار پھلانگ کر چھاپہ ، ملزم کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ،دو اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد ،موبائل فون اور سرکاری اسلحہ چھین کر ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے فرار ،پولیس کی بھاری نفری کا کھروٹہ سیداں کا گھیرائو،گھر گھر تلاشی،متعدد سہولت کا ر گرفتار،گائوں میں شدید خوف وہراس تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹلی لوہاراں کی موٹر سائیکل اسکواڈ جس میں زبیراحمد ،فہد چیمہ اور محمد یوسف کھروٹہ سیداں میں گشت پر تھے کہ انکو اطلاع ملی کہ منشیات فروش عدنان عرف ٹڈا جو کہ متعدد سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہے جس نے 2010میں کانسٹیبل لطیف کو بھی فائرنگ کر کے ٹانگ سے معذور کر دیا تھا اپنے ڈیرہ پر منشیات فروخت کر رہا ہے جس پر کانسٹیبل زبیر احمد کی نگرانی میں کانسٹیبل فہد چیمہ اور یوسف ڈیرہ کی بیرونی دیوار پھلانگ کر صحن میں داخل ہو گئے اس دوران عدنان عرف ٹڈا نے کمرہ سے پمپ ایکشن کا فائر کھول دیا جو 45سالہ کانسٹیبل زبیر احمد کو سینے پر لگا جس کی شدت کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا اور ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستہ میں شہید ہو گیا ۔

(جاری ہے)

اسی دوران عدنان عرف ٹڈا نے کانسٹیبلان فہد چیمہ اور محمد یوسف کو یرغمال بنا لیا اور کمرہ میں لے جا کر ان پر شدید تشدد کیا انکے موبائل اور سرکاری اسلحہ چھین کر ہوائی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا ۔شہید ہونے والے کانسٹیبل بارے بتایا جاتا ہے کہ وہ تھانہ قلعہ سوبھا سنگھ ضلع نارووال کے گائوں کوٹلی محمد صدیق کا رہائشی ہے اور پانچ بچوں کا باپ تھا جن میں چار بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔

وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال پہنچ گئے جبکہ ڈی ایس پی صدر سرکل محمد خان سرکل بھر کے تھانوں کی نفری کے ہمراہ کھروٹہ سیداں پہنچ گئے اور گائوں کا گھیرائو کر کے گھر گھر تلاشی شروع کر دی جس کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آئی ہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عدنان عرف ٹڈا جو کہ 15سال سے کھروٹہ سیداں میں منشیات ،چوری ،ڈکیتی،راہزنی ،پولیس مقابلہ اور دیگر سنگین واردتوں میں ملوث ہے اور کھروٹہ سیداں میں ہی رہائش پذیر ہے کی گرفتاری کیلئے کانسٹیبلوں کوکم وسائل کے ساتھ روانہ کرنا پولیس افسران پر سوالیہ نشان ہے۔

شہید پولیس اہلکار کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈیڈ ہائوس منتقل کر دیا گیا ہے اور اسکی نمازہ جنازہ آج پولیس لائن سیالکوٹ میں ادا کی جائے گی اور اسکی نعش کو سرکاری اعزاز کے ساتھ اسکے آبائی گائوں کوٹلی محمد صدیق میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔تادم تحریر پولیس کی طرف سے رات گئے تک شہید کانسٹیبل کے قتل میں حقائق کی وضاحت اور ملزمان کے خلاف مقدمہ کا اندراج نہ ہوسکا ہے۔