عیدالاضحی کے موقع پر واٹربورڈ شہر یوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کررہا ہے ،سید ہاشم رضازیدی

منگل 22 اگست 2017 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء)ایم ڈی واٹربورڈسید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر واٹربورڈ شہر یوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کررہا ہے عید سے قبل شہر خصوصاً مساجد اور عیدگاہوںکے اطراف نکاسی آب کے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے،ایگزیکٹیو انجینئرز کی زیرنگرانی سیوریج کے عملے کی متعدد ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو اپنے علاقوں میں سیوریج کی صورتحال پر نگاہ رکھیں گی،بارش کے دوران متاثر ہونے والی سیوریج لائنوں اور مین ہولوں کی فوری مرمت کا آغاز کیا جائے گا،شہر کے مختلف اضلاع میں شکایتی مراکز قائم کرکے ان میں متعین کردہ عملے کی فہرست اور دیگر تفصیلات ایم ڈی سیکریٹریٹ میں تین دن کے اندر جمع کرائی جائیں شکایتی مراکز کی نگرانی متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئرز کریں گے ،وہ ایم ڈی سیکریٹریٹ میں عید الاضحی کے موقع پر فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات کی بہتر فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، اجلاس میں ڈی ایم ڈی پلاننگ و فنانس مشکورالحسنین، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ ،ایم ڈی کے پرسنل اسٹاف آفیسر الہی بخش بھٹو تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز ایگزیکٹیو انجینئرز اور دیگر موجود تھے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ عیدالاضحی سے قبل تمام اضلاع میں متعلقہ افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو اپنے علاقوں کا سروے کرکے سیوریج کے مسائل کا خاتمے کی ذمہ دار ہوں گی ،سیوریج مسائل کے حل کیلئے تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز مقامی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سے رابطہ میں رہیں ،واٹربورڈ کا فیلڈ اسٹاف چوکنا رہے اور اپنے علاقوں میں فراہمی ونکاسی آ ب کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے نیز ان کے خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، سیوریج کی تمام لائنوں اور مین ہولز کی صفائی ممکن بنائی جائے ، سیوریج کے مسائل کے خاتمے کیلئے تمام سیورکلیننگ مشینوں و جیٹنگ مشینوں سمیت دیگر مشینری کو مناسب عملے کے ساتھ تعینات کیا جائے،سپرنٹنڈنگ انجینئرزبھی اپنے متعلقہ ضلع میں گشت کریں اور سیوریج کے نظام پر نظر رکھیں، مساجد ،عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے اطراف باالخصوص ان کی گزرگاہوں پرنکاسی آب کی شکایت کی صورت میں اس کا سدباب کیاجائے ،عید سے قبل آئمہ مساجد ،عیدگاہوں اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے ان سے فراہمی و نکاسی آب سے متعلق مسائل معلوم کریں، جن مقامات پر گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں وہاں فوری طور پر ڈھکن رکھ دیئے جائیں،انہوںنے کہاکہ عید قرباں کے موقع پر شہر میں پانی کی فراہمی اورسیوریج کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے ،اس لئے اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت نہ برتی جائے ،عوامی شکایات کے ازالہ میں کوتاہی برتنے والے افسران وعملہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کا بچا ہوا چارہ اور دیگر چیزیں سیوریج لائنوں اور مین ہولوں کے قریب نہ ڈالیں ان سے مین ہول اور سیوریج لائنیں چوک ہوجاتی ہیں۔