طلباء کو جدید سہولتوں سے آراستہ اورانہیں تعلیمی ترقی سے ہمکنار کرنا حکومت کی اوّلین ترجیحات ہیں، محمد ہاشم غلزئی

منگل 22 اگست 2017 22:33

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء) وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار انجینئر محمدامین کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے یوای ٹی خضدار میں’’لیپ ٹاپ اسکیم فیز تھری ‘‘ تقسیم کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ طلباء کو جدید سہولتوں سے آراستہ اورانہیں تعلیمی ترقی سے ہمکنار کرنا حکومت کی اوّلین ترجیحات ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں لیپ ٹاپس فراہم کررہی ہے ۔

طلباء ان لیپ ٹاپس کو اپنی تعلیمی محنت و تعلیمی استعداد کارکے اضافے کا اسباب بنا کر ہی اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک ومستقبل کے معمار بن سکتے ہیں ۔بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدارمیں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم فیزIII کے تحت پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پروگرام کے مہمان خصوصی وائس چانسلر بی ۔یو۔ای۔ ٹی خضدار برگیڈئیرریٹائرڈ انجینئر محمد امین اور اعزازی مہمان کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی تھے۔

پرووائس چانسلر ڈاکٹر ظہوراحمدبلوچ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوے کہا کہ طلباء کی جس طرح سے حکومت نے حوصلہ افزائی کی ہے اس سے تکنیکی تعلیم میں فروغ ملے گی اور طلباء بہتر انداز میں اپنی تعلیمی اصلاح کر سکیں گے۔ کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا کہ طلباء اگران لیپ ٹاپس کا صحیح استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں نکھار پیدا کریںتو یہ ان کے لئے مفید ہوسکتا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ وائس چانسلربرگیڈئیر ریٹائیرڈ انجینئرمحمد امین کی محنت سے ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے جس کا ثبوت ادارہ کی موجودہ کارکردگی اور ادارہ میں جاری تعمیرتی ترقی، تعلیمی ترقی اور مالی نظم و ضبط روز روشن کی طرح عیاں ہیں اور وہ دن دور نہیں جب یو۔ای۔ٹی۔ خضدارکا شمارملک کے بڑی جامعات میں ہوگا۔

وائس چانسلر بی ۔یو۔ای۔ ٹی خضدار برگیڈئیرریٹائر انجینئرمحمد امین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی جس طرح سے دن بہ دن ترقی کر رہی ہے اس میںادارہ کے ہر فرد کی محنت شامل ہے یہ ادارہ ہم سب کا گھر ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم سب اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔اُنھوں نے کہا کہ حکومت طلباء کو یہ لیپ ٹاپ ایک خاص مقصد کے لیے فراہم کر رہی ہے اوراگر انہیںمثبت انداز میں استعمال کیا جاے تو تکنیکی تعلیم کے حصول میں خاطرخواہ مددمل سکتی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ تعلیم ہی سے آپ ایک اعلی مقام حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

وائس چانسلر بی ۔یو۔ای۔ ٹی خضدار برگیڈئیرریٹائر انجینئرمحمد امین، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی،پرووائس چانسلر ڈاکٹر ظہوراحمدبلوچ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر مشتاق احمد شاہ اور رجسٹرار شیر احمد قمبرانی نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے۔ جبکہ پروگرام کے فوکل پرسن انجینئر ممتاز مینگل تھے۔تقریب میں اساتذہ، انتظامی افسران کے علاوہ طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔