کراچی میں تیزآندھی اور موسلادھار بارش کے باوجود بجلی کی فراہمی کا نظام معمول کے مطابق رہا،کے الیکٹرک

منگل 22 اگست 2017 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء) کراچی میں پیر کی رات ہونے والی طوفانی بارش اور آندھی کے دوران کے الیکٹرک کابجلی کی فراہمی کا نظام مجموعی طور پر معمول کے مطابق رہا۔ اس کے علاوہ، ایئر پورٹ، اہم ہسپتالوں اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت اہم اسٹریٹجک تنصیبات میں بھی بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔شہر میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث گلشن سمیت ملیر ، نارتھ کراچی، گڈاپ ، فیڈرل بی ایریا، لانڈھی اور ناظم آباد کے کچھ حصوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پرمتاثر ہوئی جبکہ بارش کے رکتے ہی متاثرہ فیڈرز میں سے بیشتر کو محدود وقت میں بحال کردیا گیا ۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ،’’ موسلادھار بارش کے دوران کے الیکٹرک کے فیلڈ اسٹاف کیلئے حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے بحالی کے کام کو یقینی بناناکافی مشکل تھا۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود کے الیکٹرک کی کسٹمر کال سینٹر کا عملہ اور ریپڈ رسپانس ٹیمیں 24گھنٹے کام میں مصروف عمل رہیں جبکہ پاور یوٹیلٹی نے 8119 ایس ایم ایس پلیٹ فارم اورکے الیکٹرک کے فیس بک اور ٹوئٹر پیجز کے ذریعے بھی صارفین کی شکایات رجسٹر کیں۔

طوفانی بارشوں کے دوران بجلی کی فراہمی کے نظام مستحکم رہا جوکے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے بجلی کی فراہمی کے نظام اور آپریشنز میں کی جانے والی مسلسل سرمایہ کاری اور اپ گریڈیشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘‘ٹیموں کو طوفانی بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائوں کی وجہ سے بحالی کے کام میں مشکلات پیش آئیں ۔ درختوں اور سائن بورڈزکے گرنے سے ٹیموں کوکچھ علاقوں میں پہنچنے میںناصرف دشواری کا سامنا کرنا پڑا بلکہ بعض جگہوں پر یہ درخت بجلی کی تاروں پر بھی گرے جس کے باعث چند علاقوں میں بجلی کی فراہم متاثر ہوئی۔

نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 12Bمیں پیش آنے والے ایک واقع میں نجی کمپنی کا ایک وائرلیس ٹاور پاور یوٹیلٹی کے ٹرانسفارمرپر گرگیا جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متاثرہ سائٹ پر بحالی کا کام جاری ہے ۔علاوہ ازیں چند مقامات پر پانی جمع ہونے کے باوجود متاثرہ علاقوں میں بجلی کی جلد از جلدبحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔

پاور یوٹیلٹی ہر ممکن معاونت کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ،محکمہ موسمیات اور شہری انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔کے الیکٹرک نے عوام کوتیز ہوائوں اور بارش کے دوران ٹوٹے ہوئے تاروں، کھمبوں اور بجلی کے ٹرانسفارمر سے دور رہنے کی ہدایت کی جبکہ شہریوں کو کنڈوں کے ذریعے غیرقانونی طریقے سے بجلی کے حصول سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی۔