ایم کیو ایم پاکستان کے قول و فعل میں تضاد ہے، فاروق ستار غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ، فردوس شمیم نقوی

منگل 22 اگست 2017 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہاہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔ تحریک انصاف نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی نہیں کروائی تھی۔ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔

انہوں نے ہمیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی اور ہم نے انہیں یہ کہا تھا کہ ہم پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں نے اے پی سی میں نہ جانے کا اعلان کیا تھا اور اسی پروگرام میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید اور پیپلز پارٹی کی ناز بلوچ نے بھی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام میں ایم کیو ایم پاکستان کے نمائندے ریحان ہاشمی موجود تھے۔ انہوں نے فاروق ستار کی میڈیا ٹاک پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی میڈیا سیل انصاف ہائوس کراچی سے جاری بیان میں کیا۔فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ فاروق ستار اصولوں کی بات کرتے ہیں توآپ لوگ متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر ایوانوں میں بیٹھے اور عہدوں پر براجمان ہیں توسب سے پہلے متحدہ قومی موومنٹ کے قومی ، سینیٹ، صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی عہدوں سے مستعفی ہو کر دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں پھر پتہ چلے گا کہ آپ اصولوں کی سیاست کرتے ہیں ۔

آج بھی آپ کے بہت سارے منتخب نمائندے اپنی وفاداری الطاف حسین سے ظاہر کر رہے ہیں ۔ آپ اتنے اصول پسند ہیں تو اپنے درمیان 12مئی کے قاتلوں کو ، چائنا کٹنگ میں ملوث لوگوں کو ، بلدیہ فیکٹری جلانے والوں کو اپنے آپ سے الگ کردیں تب پتہ چلے گا کہ آپ اصول پسندہیں ۔آپ اس قسم کی منافقت کی سیاست سے کراچی کے شہریوں کو اب مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

پی ایس پی میں شامل ہونے والے کونسے دودھ کے دھلے ہوئے ہیں ۔ابھی تک پی ایس پی کی قیادت آپ کو اور آپ کی پوری قیادت کو ملک دشمن اورمہاجروں کا دشمن قرار دے رہے تھے۔ آپ ایک دوسرے کے اوپر الزامات کی بوچھار کر رہے تھے اس شہر کے ہزاروں نوجوانوں کو قتل کیا گیا صرف اپنی سیاست کو چمکانے کے لئے ۔ کتنے مائوں کی گود آپ نے اجاڑے اور کتنی بہنوں اور بہووں کو آپ نے بیوہ کردیا، کتنے ہزاروں بچوں کو آپ نے یتیم کردیا ، اس قسم کی منافقت کی سیاست کے لئے کراچی کے شہری مزید تیار نہیں ہیں ۔

آپ کے اس طرز سیاست کی وجہ سے کراچی کا معاشی پہیہ جام ہوگیا تھا ۔ ایک مہینے میں دس دفعہ آپ ہڑتال کر رہے تھے جو کہ اس وقت شہر کراچی آپ کی اس سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ایم کیو ایم پاکستا ن کے ساتھ ابھی بھی جو لوگ جڑے ہوئے ہیں انکے بھی ذاتی مفادات ہیں ۔آج بھی میئر کراچی کرپشن میں ملوث ہیں ، پارکنگ کے ٹھیکوں سے لے کر دیگر معاملات تک کمیشن وصول کر رہے ہیں ۔

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ فاروق ستار صاحب کن اصولوں کی بات کرتے ہیں ۔ سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کی فوج اور اعلیٰ عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان قومی اداروں کی تذلیل کی گئی اور اس نا اہل نواز شریف کے وزیر اعظم کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی کو آپ نے ووٹ دیا اور ان سے ہاتھ ملایا اس لئے کیونکہ آپ کے ذاتی مفادات تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاروق ستار ہمیں استحکام پاکستان کا درس نہ دیں ۔ تحریک انصاف لسانیت اور فرقہ واریت سے بالا تر ہو کر گزشتہ 21سال سے پاکستان کی بقاء، سلامتی اور پاکستانی قوم کی خوشحالی کے لئے پاکستانیت کی سیاست کی عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کی جرات مند قیادت نے آج سے دس سال پہلے جن عوامل کی نشاندہی کی تھی آپ آج اسکو خود گالیاں دے رہے ہیں۔آپ اس وقت اپنی سیاسی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ، دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبا ن میں جھانکیں اور اپنے قول و فعل کے تضاد سے باہر نکلیں ۔