ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 52 ملزمان کو گرفتار کرلیا

منگل 22 اگست 2017 22:13

ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 52 ملزمان ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء) ٹریفک پولیس نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 52 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 200 سے زائد گاڑیوں کا چالان، تجاوزات کا سبب بننے والے آخری ملزم کی گرفتاری تک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کی ہدایت پر ایس ایچ او ٹریفک ممتاز خان نے اپنی ٹیم سب انسپکٹر مشرف خان و دیگر عملے کے ہمراہ خیبربازار، اشرف روڈ، خوشحال بازار اور جی ٹی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کا سبب بننے والے 52 ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیاجبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 200 سے زائد گاڑیوں کا چالان کیا گیا۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ایس ایچ او ٹریفک ممتاز خان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب تجاوزات کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک جام نہ ہو اور شہریوں کو آنے جانے میں دشواری کا سامنا نہ ہو اور یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تجاوزات کا سبب بننے والا ایک بھی ملزم باقی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن ہم عوام کی درخواست پر اور ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کی ہدایت پر کررہے ہیں، آپریشن ہم بلا امتیاز کررہے ہیں اور کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی جاتی۔ ممتاز خان نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بھی ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :