ڈینگی کی وباء نے صوبائی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، سکندر حیات شیر پائو

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ میں صوبائی حکومت کوغفلت کامرتکب ٹھرایا گیا ہے،گر صوبائی حکومت اور ذمہ دار ادارے بروقت اقدامات اٹھاتی تو یہ مسئلہ اتنا سنگین صورت اختیار نہ کرتا،پارٹی اجلاس سے خطاب

منگل 22 اگست 2017 22:13

ڈینگی کی وباء نے صوبائی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، سکندر حیات ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ پشاورمیں ڈینگی مرض کے بے دریغ پھیلنے کے حوالے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ نے صوبائی حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کردیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ رپورٹ میںاس حوالے سے صوبائی حکومت کوغفلت کامرتکب ٹھرایا گیا ہے اور کہاگیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت اور ذمہ دار ادارے بروقت اقدامات اٹھاتی تو یہ مسئلہ اتنا سنگین صورت اختیار نہ کرتا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاورمیں کیو ڈبلیو پی ضلع پشاور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی،کیو ڈبلیو پی ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی،جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان اور ضلع کے پارٹی عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سیر حاصل بحث کی گئی اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ پارٹی ضلع پشاور میں مضبوط قوت بن کر ابھری ہے اور انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کرکے یہاں کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔قومی وطن پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق ڈینگی کا پہلا کیس 14جون کو منظر عام پر آیا اور پھر جولائی اور اگست کے پہلے دس پندرہ دنوں میں اس میں جوتشویشناک اضافہ ہوا اسے محکمہ صحت اور صوبائی حکومت کی عدم توجہی اور غفلت کا نتیجہ قرار دیا جس سے صوبائی حکومت کی صحت کی مد میں نام نہاد اصلاحات عوام کے سامنے آشکارے ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نہ صرف اس سنگین نوعیت کے مسئلے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے بلکہ صوبہ اور عوام کے بڑے بڑے مسائل پس پشت ڈال کر کھوکھلے تبدیلی کے نعرے لگا رہی ہے جس پر غیور پختونوں کو مزید ٹرخایا نہیں جا سکتا۔انھوں نے صوبہ پنجاب کی طرف سے ڈینگی متاثرہ افراد کی بہبود کیلئے آنے والی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہم صوبہ پنجاب کے مشکور ہیں کہ انھوں نے ان سخت حالات میں ہمارے پختون بہن بھائیوں کو سہارا دیا اور دن رات ایک کرکے ان کی خدمت میں مصروف رہیں۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اوریہاں کے عوام کی ترجمان ہے اور ان کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا رابطہ عوام کے ساتھ ہیں اور عوامی طاقت کے بل بوتے پرآنے والے انتخابات میں صوبہ بھر سے کامیابیاں حاصل کرکے یہاں کے عوام کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انھوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے رابطے مضبوط بنائیں اورپارٹی پیغام اور پروگرام گھر گھر پہنچانا کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :