نیشنل آرٹ گیلری میں تخت باہی تا پوٹھوہار کے عنوان سے مصوری کی نمائش

منگل 22 اگست 2017 22:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام نیشنل آرٹ گیلری میں تخت باہی تا پوٹھوہار کے عنوان سے منعقدہ مصوری کی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ اس نمائش میں خیبر پختون خواہ اورخطہ پوٹوہار کے تقریباً 126مصوروں کے دو سو سے زیادہ فن پارے رکھے گئے ہیں۔

نمائش میں مصوری کے تمام اصناف کی نمائندگی موجود ہے۔ اس نمائش کا مقصد مستقبل قریب میں منعقد ہونے والی مصوری کی نویں قومی نمائش کیلئے فن پاروں کا انتخاب بھی شامل ہے۔ آج کی نمائش کے مہمان خصوصی معروف مصور منصور راہی اور ہاجرہ منصور نے نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نمائش میں قدآور مصوروں کے ساتھ ساتھ نوجوان مصوروں کی خاص تعداد میں شرکت اس کی خوبصورتی اور کامیابی کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مصوری کی قومی نمائش کا انعقاد باقائدگی سے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی این سی اے کو نوجوان مصوروں کی حوصلہ افضائی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے چاہیں۔ نمائش میں رکھے جانے والے فن پارے نوجوان نسل کی مہارت کی عکاس ہیں۔ منصور راہی نے پوٹھوہار سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ساری دنیاگھوم کے اپنے رہنے کے لیے اس جگہ کا اہتخاب کیا ہے اور اکثر اس کو راہی نگر کا نام دیتا ہوں۔

منصور راہی اور ہاجرہ منصور نے نیشنل آرٹ گیلری کو اپنے فن پاروں کا تہفے دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے پی این سی اے کے ڈائریکٹر سید جمال شاہ نے اپنے افتتاعی کلمات میں شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی این سی اے فنون لطیفہ کے تمام اصناف کی ترقی و ترویج کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور نوجوان نسل کو پاکستانی ثقافت، ورثہ اور فنون لطیفہ سے روشناس کرانے کے لیے باقائدہ ورکشاپ اور کلاسز کا اہتمام کر رہی ہے۔

انہوں نے آج کی نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے سینئر فنکاروں کے خصوصی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نویں قومی نمائش کے سلسلے میں کہ ملک کے تمام صوبوں میں علاقائی نمائشوں کا انعقاد کیا جا چکا ہے جس میں کوئٹہ ، کراچی پشاوراور لاہور شامل ہیں اور بہت جلد مصوری کی نویں قومی نمائش منعقد کی جائے گی۔جمال شاہ نے نیشنل آرٹ گیلری کے آرکیٹیکٹ نعیم پاشا کی طرف سے اس کے تین فن پارے نیشنل آرٹ گیلری کو دینے کا اعلان کیا، اس کے علاوہ جمال شاہ نے اپنی طرف سے بھی نیشنل آرٹ گیلری کو اپنا آرٹ ورک دینے کا اعلان کیا ہے۔ آج کی نمائش میں شائقین مصوری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یہ نمائش 10 ستمبر تک نیشنل آرٹ گیلری میں جاری رہے گی۔