مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مزید بہتری ، سیاحت اور شہری ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلقہ مختلف امور پر گفتگوکی گئی

منگل 22 اگست 2017 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء) پاکستان اور تاجکستان نے شہری ہوابازی کے شعبہ میںتعاون اور روابط کو مزید فروغ دینے اور اس ضمن میں ایک دوسرے کے تجربہ سے استفادہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے یہ بات وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان اورپاکستان میں متعین تاجکستان کے سفیر شیر علی جونو کے مابین ملاقات میں کہی گئی تاجک سفیر نے مشیرہوابازی سے منگل کے روز اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی جس میں سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مزید بہتری ، سیاحت اور شہری ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلقہ مختلف امور پر گفتگوکی گئی۔

اس موقع پر تاجکستان کے سفیر نے تاجکستان حکومت اور اپنی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری اور پاکستان میں تعمیر و ترقی کے لیے سابقہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے امن و امان کی بہتری، توانائی اور تجارت کے شعبے کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ محمد نواز شریف نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین تعلقات کو وسعت دینے کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے مز ید کہا کہ حکومت د وستانہ تعلقات کی پالیسی کو جاری رکھے گی اور تعمیر و ترقی کے عمل کو مزید تیز کرے گی۔ اس موقع پر تاجکستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات میں بہتری ، ایوی ایشن کے شعبے کو مزید وسعت دینے اور سیاحت کے فروغ سمیت تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے اور کارگو سروس کے امور بھی زیر ِ بحث آئے۔ تاجکستان کے سفیر شیر علی جونو نے ایوی ایشن اور پی آئی اے کی بحالی اور کارگردگی کو بہتر بنانے کے لیے سردار مہتاب احمد خان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور انہیں باقی شعبوں کے لیے مشعل ِ راہ قراد دیا۔

سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری اور ہر شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون پر یقین رکھتے ہیں۔ سردار مہتاب احمد خان نے تاجکستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔