چاند نظرنہیں آیا،جمعرات کویکم ذی الحجہ ہوگی،عیدالاضحی ہفتہ 2ستمبر کو ہوگی ، مفتی منیب الرحمن

منگل 22 اگست 2017 21:28

چاند نظرنہیں آیا،جمعرات کویکم ذی الحجہ ہوگی،عیدالاضحی ہفتہ 2ستمبر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2017ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج چاند نظرنہیں آیا اوربروزجمعرات24اگست کو یکم ذوالحجہ1438؁ھ ہوگی اور عید الاضحی انشاء اللہ العزیز ہفتہ 02 ستمبر 2017 ؁ء کو ہوگی ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس منگل کو مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات(میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی،یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا،زونل کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پرمنعقد ہوئے ۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے اجلاس میں جن اراکین نے شرکت کی ،اُن کے اسمائے گرامی یہ ہیں : مفتی محمد ابراہیم قادری ، قاری محمد حنیف جالندھری ،مولاناحافظ عبیداللہ پنہوار،مولانا محمد یاسین ظفر،مولانا ڈاکٹر عبدالرشید الازہری ،مفتی محمد عارف سعیدی ، اخوند زادہ سید عبدالمبین شاہ بخاری ،مولانامحمد ظفرسعیدی ، پیرسید شاہد علی شاہ جیلانی ،مولاناحافظ عبدالمالک بروہی،مولاناسید خالد محمودندیم ، مولانا محبو ب علی سہتو،آغا گوہرعلی،قاری سید اختر شاہ ،قاری عبدالعزیز اشعر، زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی کے جو ارکان اجلاس میں شریک ہوئے، ان کے اسمائے گرامی یہ ہیں:مولانا حافظ محمد سلفی ،مولانا محمد اسد دیوبندی ، علامہ علی کرار نقوی اور مولانا محمد صابر نورانی ۔

(جاری ہے)

ڈائرکٹر اسپیس سائنس (سپارکو)جناب غلام مرتضیٰ ، جامعہ کراچی سے پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد قریشیبطور فنی ماہر فنی معاونت کے لئے اجلاس میں شریک ہوئے۔ چیف میٹرولوجسٹ محکمہٴ موسمیات عبدالرشید نے اجلاس کے انعقاد کے لئے تمام سہولتیں فراہم کیں،جس کے لئے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ڈائرکٹر جنرل وفاقی وزارتِ مذہبی امور نورسلام شاہ نے اہتمام اور رابطہٴ کار کے فرائض انجام دئیے ۔

ملک بھر میں کسی مقام سے بھی شہادت موصول نہیں ہوئیں، محکمہٴ موسمیات نے بھی اپنے تمام مراکز سے اور جامعة الرشید کے تمام مراکز نے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ دی ہے، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ آج ذوالحجہ کا چاند نظرنہیں آیا اوربروزجمعرات24اگست کو یکم ذوالحجہ1438؁ھ ہوگی اور عید الاضحی انشاء اللہ العزیز ہفتہ 02 ستمبر 2017 ؁ء کو ہوگی ۔30کا چاند نسبتاً بڑا ہوتاہے اور دیرتک دکھائی دیتاہے ،لہٰذاکل شام کو چاند نسبتاً بڑا دکھائی دے گا ۔